بشام خودکش دھماکا بزدلانہ کارروائی ہے، پاک فوج

بشام خودکش دھماکا بزدلانہ کارروائی ہے، پاک فوج

آئی ایس پی آر نے اعلامیہ جاری کردیا
بشام خودکش دھماکا بزدلانہ کارروائی ہے، پاک فوج

ویب ڈیسک

|

26 Mar 2024

پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع شانگلہ کے علاقے بشام میں چینی انجینئرز کی گاڑی پر خود کش حملے کو پاک فوج نے بزدلانہ کارروائی قرار دے دیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ  گوادر، تربت اور بشام شانگلہ میں کی گئی بزدلانہ کارروائیوں کا مقصد داخلی سلامتی کی صورتحال کو غیر مستحکم کرنا ہے۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ مسلح افواج نے گوادر اور تربیت کی پہلی دو کوششوں کو ناکام بنایا، جبکہ شانگلہ واقعے میں 5 چینی شہریوں سمیت 6 بے گناہ شہری ہلاک ہوئے۔ 

آئی ایس پی آر نے کہا کہ پوری قوم اپنے چینی بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کے ساتھ کھڑی ہے اور اس بزدلانہ کارروائی کی بلا امتیاز مذمت کرتی ہے۔ آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان کی اقتصادی ترقی و عوامی فلاح و بہبود کے لیے اہم اسٹریٹجک منصوبوں اور حساس مقامات کو نشانہ بنانا پاکستان اور اس کے اسٹریٹجک اتحادیوں و شراکت داروں خاص طور پر چین کے ساتھ اختلاف پیدا کرنے کی کوشش ہے۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ ’بعض غیر ملکی عناصر اپنے ذاتی مفادات کے تحت پاکستان میں دہشت گردوں کی مدد اور انکی حوصلہ افزائی میں ملوث ہیں، یہ عناصر مسلسل دہشت گردوں کے سرپرست کے طور پر بے نقاب ہو رہے ہیں اور ان کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائے گی۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ معصوم شہریوں، غیر ملکیوں اور مسلح افواج کے خلاف تشدد کی گھناؤنی کارروائیاں پاکستانی عوام، اس کی سیکورٹی فورسز اور ہمارے شراکت داروں کے ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے عزم کو پست نہیں کر سکتیں۔

پاک فوج کا کہنا ہے کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف فرنٹ لائن ریاست کے طور پر واحد ملک ہے جو پوری استقامت اور مکمل عزم کے ساتھ بین الاقوامی دہشت گردی کا براہ راست مقابلہ کر رہا ہے۔

ترجمان پاک فوج نے اعلامیے میں اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ دہشت گردی کی براہ راست یا بالواسطہ مدد کرنے میں ملوث تمام افراد کو جوابدہ ٹھہرایا جائے۔

 

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!