فضل الرحمان کے قریبی ساتھی پیپلزپارٹی میں شامل ہوگئے
ویب ڈیسک
|
26 Mar 2024
مولانا فضل الرحمان کے قریبی ساتھی اور جے یو آئی کے رہنما طلحہٰ محمود نے پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کردیا۔
طلحہ محمود نے جمعیت علما اسلام چھوڑنے اور پاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ بلاول بھٹو کی طرف سے مجھے دعوت آئی اور پھر ایک ہفتہ قبل آصف زرداری نے بھی تفصیلی ملاقات کی۔
سینیٹر طلحہ محمود نے کہا کہ صدر آصف زرداری نے مجھے پی پی میں شمولیت کی دعوت دی جس پر میں نے سوچ بچار اور مشاورت کے بعد ساتھیوں سمیت پیپلزپارٹی میں شمولیت کا فیصلہ کیا اور آج اس کا اعلان کررہا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ ’میری سیاست کا آغاز جے یو آئی سے ہوا مگر اس وقت ملک کو مختلف چلینجز کا سامنا ہے، جس سے پاکستان کو نکالنے کے لیے ہم سب کو اپنا حصہ ڈالنا ہوگا۔
پیپلز پارٹی کے سیکریٹری جنرل نیئر بخاری نے کہا کہ طلحہٰ محمود سینیئر سیاستدان ہیں اور وہ آج پیپلز پارٹی میں شامل ہوگئے ہیں، انہیں پارٹی میں شمولیت پر خوش آمدید کہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت میں وہ بصیرت ہے کہ وہ ملک کو موجودہ بحرانوں سے نکال سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ طلحہ محمود کا پیپلزپارٹی میں کردار نمایاں ہوگا اور ہم ان کی سیاسی صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ بھی کریں گے۔
Comments
0 comment