فواد چوہدری، شعیب شاہین کی لڑائی، پی ٹی آئی کا مذمتی بیان جاری

Webdesk
|
16 Feb 2025
اسلام آباد: پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی نے فواد چودھری اور شعیب شاہین کے درمیان ہونے والی لڑائی پر مزمتی بیان جاری کر دیا۔
اڈیالہ جیل کے باہر فواد چودھری کا پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شعیب شاہین پر بلا اشتعال حملہ ایک نہایت سنگدلانہ اقدام اور دلیل اور منطق کے مقابلے میں حیوانی جبلّت کا اظہار ہے۔
فواد چودھری کی جانب سے طاقت اور مخالف سے سکور برابر کرنے کیلئے ایسے حربوں کے استعمال کا یہ پہلا واقعہ نہیں۔ ایسے کئی واقعات ان کے ماضی سے بھی منسوب ہیں۔
ان کی جانب سے سیاسی اختلاف کو نیچا دکھانے کیلئے گالم گلوچ کا آزادانہ استعمال ان میں فحش گوئی و بدکلامی کے پائے جانے والے رجحان کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
فواد چودھری کا یہ حملہ ایک مجرمانہ اقدام ہے اور ان کی جانب سے شعیب شاہین پر اٹھایا جانے والا ہاتھ صرف انہی پر دست درازی نہیں بلکہ پاکستان تحریک انصاف کے چہرے پر ایک طمانچہ ہے۔
مگر آئین کے احیائ، قانون کی حکمرانی اور ملک میں جمہوریت کیلئے جاری سیاسی جدوجہد کی پیٹھ میں چھرا گھونپ کر پتلی گلی سے راہِ فرار اختیار کرنے والے بزدل، بھگوڑے اور سیاسی غدار سے اس کے سوا توقع ہی کیا کی جاسکتی ہے!
ستم ظریفی تو یہ ہے کہ موصوف ابھی بھی منافقت کی نمائش کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے اور یہ وہ خصلتِ بد ہے جس میں وہ ماہر ہے۔
فواد چودھری کا یہ بزدلانہ اقدام اس فرسٹیشن کا بھی کھلا اظہار ہے جس میں وہ ممکنہ طور پر تب سے مبتلا ہیں جب پارٹی نے بانی چیئرمین عمران خان کی ہدایات پر ان کی ذات سے مکمل لاتعلقی کا اظہار کیا۔
پارٹی نے اس امر کا بھی برملا اعلان کیا کہ فواد چودھری کسی بھی فورم پر خود کو تحریک انصاف کے نمائندے کے طور پر پیش کرنے کے مجاز نہیں۔
پاکستان تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی اس واقعے کا نہایت سنجیدگی سے نوٹس لیتے ہوئے فواد چودھری کے نفرت انگیز رویّے کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔
سیاسی کمیٹی بزدلی پر بردباری اور برداشت کو ترجیح دینے پر جناب شعیب شاہین کے اپنی مکمل سپورٹ کا پیغام دیتی اور انکی حمایت کا اعادہ کرتی ہے۔ اس ناخوشگوار واقعے کا پورے حوصلے اور وقار سے سامنا کرنے پر پوری کمیٹی شعیب شاہین کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔
اپنے تمام ذمہ داران اور کارکنان سے ہماری اپیل ہے کہ وہ ایسے بزدلانہ اوراشتعال انگیز واقعات کے باوجود صبر و تحمل کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں اور پرامن رہیں۔
ہماری پارٹی بہرصورت ہر امتحان میں سرخرو ہوگی، ان شاء اللہ
Comments
0 comment