اگلے چالیس سالوں میں تھر کراچی سے بھی بڑا ہوگا، وزیراعلی سندھ
ویب ڈیسک
|
22 Aug 2024
وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے دعویٰ کیا ہے کہ "اگلے 30 سے 40 سالوں میں تھرپارکر کراچی سے بڑا ہو جائے گا"۔
حالیہ پریس کانفرنس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ گزشتہ 30 سے 40 سالوں میں جس طرح کراچی نے ترقی کی اسی طرح تھرپارکر بھی ترقی کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے علاقے میں بہت سے پروگرام شروع کیے ہیں جن میں سستی بجلی کی فراہمی کے منصوبے بھی شامل ہیں۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ سندھ حکومت مقامی لوگوں میں سستی بجلی تقسیم کر سکے گی۔ وزیراعلیٰ مراد نے انکشاف کیا کہ تھر کول پاور پلانٹس اس وقت 3000 میگاواٹ سے زائد بجلی پیدا کر رہے ہیں جو کہ نیشنل گرڈ اور بعد میں فیصل آباد کو فراہم کی جاتی ہے۔
تاہم انہوں نے اس بات کی وضاحت بھی کی کہ یہ بجلی براہ راست سندھ کو فراہم نہیں کی جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا "تھر کا کوئلہ پاکستان کے لیے سستی بجلی پیدا کر سکتا ہے، ملازمتیں پیدا کر سکتا ہے اور اس سے چلنے والی صنعتوں کے ساتھ برآمدات میں اضافہ کر سکتا ہے۔"
وزیر اعلیٰ سندھ نے تھر کے کوئلے کی صلاحیت سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لیے پاور سیکٹر کی جامع تنظیم نو پر بھی زور دیا۔ سندھ حکومت این ای ڈی یونیورسٹی کراچی کے الحاق کے ساتھ تھر انسٹی ٹیوٹ آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی قائم کر رہی ہے۔
Comments
0 comment