گیس کے بلوں میں بھی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ متعارف کرانے کا فیصلہ
Webdesk
|
18 Aug 2024
اسلام آباد: پیٹرولیم سیکٹر کے مسائل کے حل کیلیے بنائی گئی کمیٹی نے گیس کے بلز میں بھی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ نظام متعارف کرانے کی ہدایت کردی۔
ذرائع کے مطابق نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں پیٹرولیم سیکٹر کی ای اینڈ پی کمپنیوں کو درپیش مسائل زیر غور آئے۔
اسحاق ڈار نے توانائی کی حفاظت اور اقتصادی ترقی کے لیے اس شعبے کی اہمیت کو اجاگر کیا اور مقامی اور غیر ملکی کمپنیوں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدام کرنے کے عزم کا اظہار کیا ۔
مقامی اور غیر ملکی ایکسپلوریشن اور پروڈکشن (ای اینڈ پی) کمپنیوں کے سربراہان نے سرکلر قرضے کے بڑھنے کی وجہ سے سیکٹر کی سیکیورٹی اور استحکام سے متعلق خدشات کو اجاگر کیا۔
کمیٹی کے نجی شعبے کے اراکین نے بھی ڈان اسٹریم گیس سیکٹر سے متعلق اپنے خدشات کا اظہار کیا اور اس کے استحکام کو بہتر بنانے کے لیے نجی کمپنیوں کے لیے سیکٹر کو کھولنے کی ضرورت پر زور دیا۔
فورم نے پیٹرولیم ڈویژن کو اوگرا آرڈیننس میں مناسب ترامیم تجویز کرنے کی بھی ہدایت کی تاکہ گیس کے نرخوں میں ماہانہ یا سہ ماہی بنیادوں پر ایڈجسٹمنٹ کے لیے ایک میکانزم متعارف کرایا جا سکے۔
Comments
0 comment