حکومت کا پی آئی اے کی دوبارہ نجکاری کا اعلان، بولیاں طلب کب کی جائیں گی؟

حکومت کا پی آئی اے کی دوبارہ نجکاری کا اعلان، بولیاں طلب کب کی جائیں گی؟

وفاقی وزیر نے خوش خبری سنادی
حکومت کا پی آئی اے کی دوبارہ نجکاری کا اعلان، بولیاں طلب کب کی جائیں گی؟

ویب ڈیسک

|

7 Mar 2025

اسلام آباد: حکومت نے ایک بار پھر پی آئی ای کی نجکاری کا اعلان کرتے ہوئے تین ماہ میں تمام انتظامات مکمل ہونے کی نوید سنائی ہے۔

وفاقی وزیر نجکاری، سرمایہ کاری بورڈ اور مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز (پی آئی اے) کی نجکاری میں دلچسپی رکھنے والی پارٹیوں کے تمام تحفظات دور کر دیے گئے ہیں اور حکومت نے پی آئی اے کی فروخت کے لیے خواہشمند پارٹیوں کے مطابق تبدیلیاں لانے کا فیصلہ کیا ہے۔  

پی آئی اے کی نجکاری کے حوالے سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ پی آئی اے کی نجکاری کو زیادہ سے زیادہ پرکشش بنانے کے لیے نیا لائحہ عمل تیار کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ آئندہ تین ماہ میں نجکاری کے تمام مراحل طے کر لیے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس مرتبہ پی آئی اے کی نجکاری کے عمل میں سرمایہ کاروں کی طرف سے بہتر اظہارِ دلچسپی آنے کی توقع ہے، کیونکہ یورپ کے لیے پی آئی اے کی پروازوں کے آغاز سے نجکاری کا ماحول مزید سازگار ہوگا۔  

وفاقی وزیر نے بتایا کہ حالیہ اقدامات کے باعث پی آئی اے دوبارہ منافع بخش ہونے جا رہا ہے۔ یورپ کے بعد آئندہ تین ماہ میں برطانیہ کے لیے بھی پی آئی اے کی پروازیں شروع ہونے جا رہی ہیں۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ 24 کروڑ پاکستانیوں کی اولین ترجیح پی آئی اے کے ذریعے سفر کرنا ہے۔ اسی طرح، یورپ اور برطانیہ کے بعد اگلے مرحلے میں امریکہ اور مشرق بعید کے لیے پروازیں شروع کی جائیں گی۔  

عبدالعلیم خان نے کہا کہ مثبت اقدامات کے ذریعے پی آئی اے کی ساکھ کو بحال کر کے اس ادارے کو دوبارہ اپنے عروج پر پہنچایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پی آئی اے میں اب بھی اتنا دم خم موجود ہے کہ اسے دوبارہ منافع بخش بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے پی آئی اے کی نجکاری کو پہلے سے کہیں بہتر اور قابل عمل ہونے کی توقع کا اظہار کیا، جس سے نجکاری کے عمل پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔  

وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ پی آئی اے کو ایک مضبوط اور خود کفیل ادارے کے طور پر بحال کیا جائے، تاکہ یہ قومی اور بین الاقوامی سطح پر اپنی خدمات کو بہتر طریقے سے انجام دے سکے۔

انہوں نے کہا کہ نجکاری کے عمل کو شفاف اور موثر بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔  

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!