جس حد تک ممکن ہو فلسطینیوں کی مدد کریں، مفتی منیک

ویب ڈیسک
|
11 Apr 2025
عالمی شہرت یافتہ اسلامی اسکالر مفتی مینک نے دنیا بھر کے لوگوں پر زور دیا ہے کہ وہ فلسطین کی حمایت میں ثابت قدم اور فراخدل رہیں اور فلسطینیوں کی تکالیف کو جس قدر ممکن ہو کم کرنے کی کوشش کریں۔
ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر ایک دل سوز پیغام میں مفتی مینک نے مسلسل حمایت کی ضرورت پر زور دیا کیونکہ اسرائیل غزہ میں اپنی مہلک جارحیت جاری رکھے ہوئے ہے اور باقی فلسطین میں تشدد میں اضافہ کر رہا ہے، جبکہ دنیا کی اکثریت خاموش ہے۔
انہوں نے لکھا، "فلسطین کی جس طرح بھی ہو سکے مدد کریں۔ اپنی پوری کوشش کریں، یہ ذہن میں رکھتے ہوئے کہ ہر کوئی وہ نہیں کر سکتا جو آپ کرتے ہیں۔ ان کے حالات مختلف ہو سکتے ہیں۔ اچھے خیالات رکھیں۔ ان پر بھروسہ رکھیں۔"
انہوں نے مزید کہا، "میں نے ہمیشہ کہا ہے، 'جو میں کرتا ہوں، آپ نہیں کر سکتے اور جو آپ کرتے ہیں، میں نہیں کر سکتا۔ مل کر ہم کامیاب ہوں گے۔'"
بین الاقوامی اتحاد برائے مسلم علماء (IUMS)، جو عالم اسلام کے ممتاز مذہبی رہنماؤں پر مشتمل ہے، نے حال ہی میں ایک نادر فتویٰ جاری کرتے ہوئے اسرائیل کے خلاف کھلے جہاد کا مطالبہ کیا ہے، جس کی وجہ انہوں نے فلسطینیوں کی جاری نسل کشی قرار دی ہے۔
پاکستان اور قطر کے علماء نے بھی کھلے عام اسی طرح کے فتوے جاری کیے ہیں، جس میں مسلح جدوجہد اور اسرائیل کے ساتھ کسی بھی سیاسی، سفارتی یا ثقافتی تعلقات کے مکمل بائیکاٹ کی وکالت کی گئی ہے۔
ادھر، 18 مارچ کو اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزی کے بعد سے غزہ تک کوئی انسانی امداد نہیں پہنچی ہے۔ طبی حکام مسلسل فوری امداد کی التجا کر رہے ہیں کیونکہ طبی سامان خطرناک حد تک کم ہو گیا ہے، جس کی وجہ سے ہسپتال شدید زخمی مریضوں سے بھرے پڑے ہیں۔ بیماری کے پھیلنے سے انسانی بحران مزید سنگین ہو گیا ہے۔
جمعہ کے روز اسرائیلی افواج نے خان یونس اور دیر البلاح میں رہائشی عمارتوں کو نشانہ بناتے ہوئے تازہ فضائی حملے کیے، جن میں بے گھر شہریوں کو پناہ دینے والا ایک UNRWA کا اسکول بھی شامل تھا۔
غزہ کی وزارت صحت نے بتایا کہ 7 اکتوبر 2023 سے اسرائیلی حملوں میں کم از کم 50,886 فلسطینی شہید اور 115,875 زخمی ہوچکے ہیں۔
Comments
0 comment