جی ایچ کیو حملہ کیس میں علی امین گنڈا پور سمیت 29 رہنماؤں کی گرفتاری کا حکم
ویب ڈیسک
|
19 Mar 2024
راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے سانحہ نو مئی کیس میں علی امین گنڈا پور سمیت پی ٹی آئی کے 29 رہنماؤں کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔
عدالت نے 9 مئی کو جی ایچ کیو،آرمی میوزیم، حساس ادارے کے دفتر، میٹرو اسٹیشن حملے سمیت جلاؤ گھیراؤ کے 12 مقدمات میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور سمیت تحریک انصاف کے 29 اراکین و رہنماؤں کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے۔
شبلی فراز،مراد سعید، زرتاج گل، شیریں مزاری،زلفی بخاری، شہباز گل، مسرت جمشید چیمہ،لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ اکرم ساہی، سابق وزیر قانون بشارت راجہ کے وارنٹ گرفتاری بھی جاری کیے گئے تاہم پرویز الہیٰ کے وارنٹ جاری نہیں کیے گئے۔
ذرائع کے مطابق تھانہ آر اے بازار،ریس کورس،نیو ٹاوٴن،سول لائن،صادق آباد کی تفتیشی ٹیموں نے وارنٹ گرفتاری حاصل کرلیے ہیں اور وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کیلیے پولیس کی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔
عدالتی ذرائع کے مطابق پولیس کی تفتیشی ٹیمیں انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش ہوئیں اور تفتیش مکمل کرنے کیلیے وارنٹ گرفتاری کی استدعا کی، جج ملک اعجاز آصف نے یہ درخواستیں منظور کر لیں۔
دوسری جانب تحریک انصاف کے رہنماؤں نے عبوری ضمانتیں کرانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
Comments
0 comment