کراچی میں دن کے اوقات میں ڈمپرز پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ

ویب ڈیسک
|
8 Feb 2025
سندھ حکومت نے بڑھتے ہوئے ٹریفک حادثات کی روک تھام اور ٹریفک کی بہتری کے لیے ایک اہم اقدام اٹھاتے ہوئے دن کے اوقات میں ڈمپرز کے کراچی میں داخلے پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس نئے فیصلے کے تحت ڈمپرز کو صرف رات 11 بجے سے صبح 6 بجے تک شہر میں داخلے کی اجازت ہوگی۔
یہ فیصلہ وزیر اعلیٰ سندھ کی ہدایت پر چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ کی زیر صدارت ٹریفک حادثات کے حوالے سے ایک ہنگامی اجلاس میں کیا گیا۔
اجلاس میں انسپکٹر جنرل (آئی جی) سندھ پولیس، کمشنر کراچی، ایڈیشنل آئی جی کراچی، سیکریٹری ٹرانسپورٹ، ڈی آئی جی ٹریفک اور دیگر متعلقہ حکام شریک ہوئے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کراچی میں چلنے والی تمام بڑی گاڑیوں اور ان کے ڈرائیوروں کی جسمانی تصدیق (فزیکل ویری فکیشن) کی جائے گی تاکہ روڈ سیفٹی قوانین پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔
اجلاس میں یہ بھی طے کیا گیا کہ شہر میں چلنے والی تمام گاڑیوں کو محکمہ ٹرانسپورٹ سے QR کوڈ سرٹیفکیٹ حاصل کرنا لازمی ہوگا۔ سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کو ہدایت دی گئی کہ وہ اگلے تین ماہ کے اندر اپنے آپریشنز کو رات کے وقت منتقل کرے تاکہ دن کے وقت ٹریفک کے دباؤ میں کمی لائی جا سکے۔
چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ نے کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کہ تمام واٹر ٹینکرز کی محکمہ ٹرانسپورٹ سے ایک ماہ کے اندر مکمل انسپکشن کروائی جائے کی جائے تاکہ ان کی سیکیورٹی اور ٹریفک قوانین کے مطابق عمل درآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔
چیف سیکریٹری سندھ نے ٹریفک پولیس کو ہدایت کی کہ وہ ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل درآمد کرائیں اور لاپرواہی سے گاڑی چلانے والوں کے خلاف چالان کے ساتھ ایف آئی آر بھی درج کی جائے۔
چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ نے واضح کیا کہ حادثات کی سب سے بڑی وجہ ہیوی ٹریفک قوانین پر عمل نہ ہونا ہے۔ اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے سندھ حکومت نے پورے صوبے میں وہیکل انسپکشن اینڈ سرٹیفکیشن سسٹم (VICS) شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
چیف سیکریٹری نے محکمہ ٹرانسپورٹ کو ہدایت کی کہ اس نظام کو جلد از جلد نافذ کیا جائے۔
اجلاس میں ٹریفک پولیس کی جانب سے آگاہی دی گئی کہ کراچی میں 65 فیصد گاڑیاں موٹر سائیکلیں ہیں، جبکہ 55 فیصد حادثات میں موٹر سائیکل سوار متاثر ہوتے ہیں۔ اس صورتحال کے پیش نظر چیف سیکریٹری سندھ نے ڈی آئی جی ٹریفک کو حکم دیا کہ وہ ایک ماہ کے اندر ٹریفک کی بہتری کے لیے اقدامات کریں اور ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل کروائیں۔ ساتھ ہی ٹریفک جرمانے (چالان) کو چار گنا بڑھانے کی بھی ہدایت دی گئی تاکہ قوانین کی خلاف ورزی کو روکا جا سکے اور روڈ سیفٹی کو یقینی بنایا جا سکے۔
اجلاس میں موٹر سائیکل سواروں کے لیے بھی سخت اقدامات کا اعلان کیا گیا، جن میں ہیلمٹ پہننے پر سختی سے عملدرآمد کروانے کا کہا گیا۔
چیف سیکریٹری سندھ نے یہ بھی ہدایت دی کہ ٹریفک انجینئرنگ بیورو کو دوبارہ فعال کیا جائے اور اسے ایک مؤثر ادارے کے طور پر تیار کیا جائے تاکہ کراچی کے ٹریفک مسائل کے لیے طویل المدتی حل فراہم کیے جا سکیں اور ٹریفک کے نظام کو بہتر بنایا جا سکے۔سندھ حکومت کراچی میں سڑکوں کی حفاظت، حادثات کی روک تھام اور بہتر ٹریفک انتظامات کے لیے پرعزم ہے، اور ان اقدامات پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے گا۔ چیف سیکریٹری سندھ نے محکمہ اطلاعات کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ٹریفک قوانین اور آگاہی کے متعلق میڈیا پر مہم چلائی جائے۔
Comments
0 comment