کراچی ایئرپورٹ اور اطراف کا علاقہ ریڈ زون قرار، مسافروں اور شہریوں کیلیے اہم ہدایت

کراچی ایئرپورٹ اور اطراف کا علاقہ ریڈ زون قرار، مسافروں اور شہریوں کیلیے اہم ہدایت

ایئرپورٹ آنے والے مسافروں اور ہمراہ آنے والوں کا اصل شناختی کارڈ لازمی ہوگا
کراچی ایئرپورٹ اور اطراف کا علاقہ ریڈ زون قرار، مسافروں اور شہریوں کیلیے اہم ہدایت

ویب ڈیسک

|

18 Nov 2024

کراچی میں قائم جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور اطراف کے علاقوں کو سیکیورٹی خدشات کے باعث ریڈ زون قرار دے دیا گیا ہے۔

کراچی ایئرپورٹ پر کچھ روز قبل چینی انجینئرز کے قافلے پر ہونے والے خودکش حملے کے بعد ایئرپورٹ اور اطراف میں سیکیورٹی مزید سخت کردی گئی ہے جبکہ داخلی اور خارجی راستوں پر بھاری نفری تعینات ہے۔

اب انتظامیہ نے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر ایئرپورٹ اور ملحقہ علاقوں کو ریڈ زون قرار دے دیا، جس کے بعد جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ میں صرف اُن لوگوں کو داخلے کی اجازت ہوگی جو مسافر ہوائی اڈے سے آ یا جا رہے ہوں جبکہ وہاں پر ڈیوٹی انجام دینے والے بھی پابندی سے مستثنی ہوں گے۔

اطلاعات کے مطابق ریڈ زون قرار دینے کے بعد ایئرپورٹ میں غیر متعلقہ افراد کا داخلہ ممنوع ہوگا اور مسافر کے ساتھ جانے والوں کی مخصوص تعداد کو ہی جانے کی اجازت ہوگی۔

ایس ایس پی ملیر کاشف آفتاب عباسی نے بتایا کہ ایئرپورٹ کے قریب پانچ اہم مقامات پر اسٹار گیٹ، سی اے اے کلب، مدام بریج، ماڈل کالونی موڑ اور رینجرز چوکی فیونرل ایریا میں پولیس چیک پوائنٹس قائم کر دیے ہیں جہاں 24 گھنٹے پولیس کی نفری تعینات ہوگی۔ 

ان مقامات پر پولیس اہلکار ہر مشکوک شخص اور گاڑی کی چیکنگ کریں گے تاکہ کسی بھی غیر معمولی سرگرمی کو روکا جا سکے۔ کراچی ایئر پورٹ آنے والے تمام مسافروں سے درخواست کی ہے کہ وہ اپنی پرواز کے وقت سے قبل ایئرپورٹ پہنچیں تاکہ سیکیورٹی مراحل سے بآسانی گزر سکیں اور کسی تاخیر کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

انھوں نے کہا کہ ایم 9 موٹر وے، ملیر کینٹ، میمن گوٹھ، ماڈل کالونی اور دیگر ملحقہ علاقوں کے رہائشیوں سے گزارش ہے کہ شہر کی طرف سفر کے لیے ریڈ زون سے گزرنے کے بجائے مین شارع فیصل اور ملیر ہالٹ کا راستہ اختیار کریں۔ 

ڈرگ روڈ سے آنے والے مسافر، جو ملیر کینٹ یا ماڈل کالونی کی طرف جا رہے ہوں، ان سے بھی گزارش ہے کہ اسٹار گیٹ یا سی اے اے کلب روڈ استعمال کرنے کے بجائے ملیر ہالٹ سے گزرتے ہوئے اپنی منزل کی طرف روانہ ہوں۔

ایس ایس پی ملیر نے کہا کہ ایئرپورٹ جانے والے تمام افراد سے اپیل ہے کہ ریڈ زون میں داخلے سے قبل اپنی پرواز کی ٹکٹ اور قومی شناختی کارڈ ہمراہ رکھیں تاکہ سیکیورٹی چیکنگ کے عمل میں آسانی ہو۔ 

انھوں نے کہا کہ مسافروں کی سہولت، تحفظ اور محفوظ سفر ہماری اولین ترجیح ہے۔ ضلع ملیر پولیس عوام کی حفاظت اور امن کے قیام کے لیے ہر دم تیار ہے، کسی بھی مشکل یا پریشانی کی صورت میں پولیس آپ کی مدد کے لیے ہمہ وقت موجود ہے۔

 

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!