کے پی حکومت کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بڑی کامیابی مل گئی، عمائدین کا بڑا اعلان

کے پی حکومت کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بڑی کامیابی مل گئی، عمائدین کا بڑا اعلان

کرم کے جرگہ عمائدین کا دہشت گردی کیخلاف جنگ میں حکومت کا بھرپور اور غیر مشروط ساتھ دینے کا اعلان
کے پی حکومت کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بڑی کامیابی مل گئی، عمائدین کا بڑا اعلان

ویب ڈیسک

|

9 Aug 2025

خیبرپختونخوا کے ضلع کرم کے عمائدین نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں حکومت کا بھرپور ساتھ دینے کا اعلان کردیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی میزبانی میں امن و امان سے متعلق علاقائی جرگوں کا سلسلہ جاری ہے۔ جس کا چوتھا اور آخری مشاورتی جرگہ آج وزیر اعلی ہاوس میں منعقد ہوا۔ 

جرگے میں ضلع کرم اپر، سنٹریل اور لوئر کے قبائلی مشران، سیاسی جماعتوں کے نمائندوں اورمتعلقہ ممبران صوبائی و قومی اسمبلی نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ 

وزیر اعلی کے مشیر بیرسٹر محمد علی سیف،  سنیٹر نور الحق قادری،  چیف سیکرٹری اور آئی جی پی کے علاؤہ متعلقہ کمشنر،  ڈپٹی کمشنر اور پولیس حکام بھی جرگے میں شریک تھے۔

اعلامیے کے مطابق امن و امان کے لئے قبائلی عمائدین کے جرگے منعقد کرنے پر وزیر اعلی کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ کرم کے مسئلے کو پر امن انداز میں حل کرنے اور علاقے کے لئے خصوصی ترقیاتی پیکج دینے پر وزیر اعلی اور صوبائی حکومت کے مشکور ہیں۔ 

عمائدین نے مشکل وقت میں کرم کے لئے ہیلی کاپٹر سروس شروع کرنے اور عوام کا بھر پور ساتھ دینے پر بھی وزیر اعلی کا شکریہ ادا کیا اور اعتراف کیا کہ خصوصی کاوشوں سے کرم میں فی الوقت امن بحال ہوا ہے، جس کو دوام دینے کی ضرورت ہے۔ 

عمائدین نے کہا کہ کرم کے اہل سنت اور اہل تشیع دونوں علاقے کے امن کے لئے ایک ہیں۔ ہم اس سلسلے میں حکومت کے ساتھ ہر ممکن معاونت کے لئے تیار ہیں۔  امن ہماری بنیادی ضرورت ہے، امن ہوگا تو ترقی ہوگی۔ 

عمائدین نے کہا کہ ہم ہر طرح کی دہشت گردی کے خلاف ہیں، امن کے لئے حکومت کے ساتھ ہیں،  مسئلے کے مستقل حل کے لئے وفاقی اور صوبائی حکومتوں،  سکیورٹی اداروں کے نمائندوں اور علاقہ مشران پر مشتمل با اختیار جرگہ تشکیل دے کر افغانستان کے ساتھ مذاکرات کئے جائیں کیونکہ کرم کے امن کا مسئلہ افغانستان کے ساتھ جڑا ہے۔ 

عمائدین نے مطالبہ کیا کہ علاقے کے لوگوں کو روزگار دینے کے لئے افغانستان کے ساتھ تجارتی راستے کھولے جائیں۔

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!