معرکہ حق کی پہلی سالگرہ، پاک افواج کا قوم کے نام اہم پیغام

معرکہ حق کی پہلی سالگرہ، پاک افواج کا قوم کے نام اہم پیغام

معرکۂ حق نے نہ صرف قومی اعتماد کو نئی جہت دی بلکہ ادارہ جاتی عزم کو بھی مزید مضبوط کیا، مشترکہ بیان
معرکہ حق کی پہلی سالگرہ، پاک افواج کا قوم کے نام اہم پیغام

ویب ڈیسک

|

7 May 2026

اسلام آباد: معرکۂ حق کو ایک سال مکمل ہونے پر پاک افواج نے قوم کے نام خصوصی پیغام جاری کرتے ہوئے اس کامیابی کو قومی دفاع کی تاریخ کا اہم سنگِ میل قرار دیا ہے۔

پیغام میں کہا گیا کہ معرکۂ حق نے نہ صرف قومی اعتماد کو نئی جہت دی بلکہ ادارہ جاتی عزم کو بھی مزید مضبوط کیا۔ بالخصوص پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت، جدید تیاری اور بروقت کارروائی نے دنیا پر اپنی صلاحیتوں کا واضح اظہار کیا۔

پاک افواج کے مطابق جدید ٹیکنالوجی، ذہین نظام اور نئی نوعیت کی جنگی صلاحیتوں کے ذریعے پاک فضائیہ مستقبل کی ایک مؤثر اور فیصلہ کن قوت کے طور پر ابھر رہی ہے۔ ملٹی ڈومین کارروائیوں میں مہارت نے اسے جدید فضائی جنگ کے تقاضوں سے ہم آہنگ کر دیا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ معرکۂ حق کے دوران کیے گئے آپریشنز پیشہ ورانہ مہارت اور حکمتِ عملی کی اعلیٰ مثال تھے، جنہوں نے نہ صرف دشمن کے عزائم کو ناکام بنایا بلکہ قوم کے حوصلے اور اعتماد کو بھی مزید تقویت دی۔

پاک افواج نے واضح کیا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے اور اس کی عسکری حکمتِ عملی کا بنیادی مقصد خطے میں امن، استحکام اور سلامتی کا فروغ ہے۔ تاہم، کسی بھی جارحیت یا دشمنانہ اقدام کا جواب بھرپور طاقت اور عزم کے ساتھ دیا جائے گا۔

پیغام کے اختتام پر پاک فضائیہ کے جوانوں، افسروں اور اہلکاروں کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا، جنہوں نے اپنی مہارت، قربانی اور انتھک محنت سے ملکی فضائی حدود کے دفاع کو یقینی بنایا اور اسے قومی تاریخ کا روشن باب بنا دیا۔

پاک افواج نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں اور قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے اپنی پیشہ ورانہ برتری برقرار رکھیں گی۔

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!