8 hours ago
مستونگ میں دہشت گردوں کے حملے میں میجر سمیت پاک فوج کے 3 جوان شہید

ویب ڈیسک
|
7 Aug 2025
بلوچستان کے ضلع مستونگ میں ایک دہشت گرد حملے میں پاک فوج کے تین افسران اور جوان شہید ہو گئے ہیں۔ یہ حملہ سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کو سڑک کنارے نصب بم (آئی ای ڈی) سے نشانہ بنا کر کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق، 5 اور 6 اگست کی درمیانی شب دہشت گردوں نے مستونگ میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کو نشانہ بنایا۔ اس حملے کے نتیجے میں میجر محمد رضوان طاہر، نائیک ابنِ امین، اور لانس نائیک محمد یونس شہید ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، میجر رضوان ایک بہادر افسر تھے جنہوں نے دہشت گردی کے خلاف کئی کارروائیوں میں حصہ لیا اور ہمیشہ اپنے جوانوں کی قیادت کرتے رہے۔
حملے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے فوری جوابی کارروائی کرتے ہوئے علاقے میں کلیئرنس آپریشن شروع کیا اور اس دوران چار دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ علاقے میں ممکنہ مزید دہشت گردوں کی موجودگی کے پیشِ نظر آپریشن جاری ہے۔
آئی ایس پی آر نے اس حملے کی ذمہ داری "فتنہ الہندستان" نامی ایک دہشت گرد گروپ پر عائد کی ہے، جسے بھارتی حمایت یافتہ قرار دیا گیا ہے۔ پاک فوج نے ایک بار پھر دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا ہے اور کہا ہے کہ شہداء کی قربانیاں اس عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔
Comments
0 comment