نواز شریف کو پنجاب حکومت میں اہم ذمہ داری مل گئی

ویب ڈیسک
|
17 Mar 2025
پنجاب حکومت نے لاہور کے تاریخی ورثے کی بحالی اور تحفظ کے لیے "لاہور اتھارٹی فار ہیری ٹیج ریوائیول" (لہر) کے نام سے ایک ادارہ قائم کیا ہے۔ اس ادارے کے پیٹرن انچیف سابق وزیراعظم میاں نواز شریف ہوں گے۔
مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں لاہور کے تاریخی مقامات پر موجود تجاوزات کو ہٹانے اور ان کی بحالی پر اتفاق کیا گیا۔
اجلاس کے دوران لاہور میں انڈر گراؤنڈ پارکنگ کے لیے شہر کے پانچ مقامات کا انتخاب کیا گیا، جبکہ نیلا گنبد کی اصل حالت بحال کرنے کے لیے تجاویز پر غور کیا گیا۔
شاہی قلعہ، مقبرہ جہانگیر و نورجہاں، شالامار باغ، کامران کی بارہ دری اور دیگر اہم تاریخی مقامات کو بحال کرنے کے منصوبوں پر بھی اتفاق ہوا۔
اس کے علاوہ، شاہ عالم مارکیٹ سے بھاٹی گیٹ تک پیدل گزرگاہ بنانے کی تجویز پر بھی غور کیا گیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سرکلر روڈ اور تاریخی دروازوں کے اردگرد موجود تجاوزات پر ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے بھاٹی گیٹ اور دیگر دروازوں کے منظرنامے کو واضح کرنے کے لیے رکاوٹیں ہٹانے کی ہدایت کی۔
نواز شریف نے تجاوزات کے متاثرین کو کاروبار کے لیے متبادل جگہ فراہم کرنے اور معاوضہ دینے کی ہدایت بھی جاری کی۔
نواز شریف نے زور دے کر کہا کہ پرانا لاہور ایک خوبصورت شہر ہے اور اسے اس کی اصل حالت میں بحال کرنا انتہائی ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہروں کی قدیم اور اصل صورتحال کو بگاڑنا مناسب طرز عمل نہیں ہے، اور قومی ورثے کو تباہ کرنا پسماندگی کے مترادف ہے۔
مریم نواز نے بھی کہا کہ شہروں کو تجاوزات سے بچایا جائے گا اور لاہور کے تاریخی دروازوں کو ان کی قدیم شکل میں بحال کیا جائے گا۔
Comments
0 comment