پی ٹی ائی سے عمران خان کو کون سائیڈ لائن کرسکتا ہے؟ شیر افضل مروت نے خدشہ ظاہر کردیا

ویب ڈیسک
|
12 Apr 2025
لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق رہنما اور رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت نے الزام لگایا ہے کہ سلمان اکرم راجہ گروپ عمران خان سے ملاقاتوں کے معاملات کو کنٹرول کرنا چاہتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ گروپ صرف اپنے منظورشدہ افراد کو ہی عمران خان تک رسائی دینا چاہتا ہے تاکہ ان کے خلاف کوئی معلومات سامنے نہ آسکیں۔
مروت نے اپنے بیان میں مزید کہا، "سلمان اکرم راجہ گروپ آہستہ آہستہ پارٹی کے اراکین کو باہر کر رہا ہے۔ مجھے خدشہ ہے کہ یہ سلسلہ جاری رہا تو یہ عمران خان کو بھی پارٹی فیصلہ سازی سے الگ تھلگ کر دیں گے۔"
شیر افضل مروت نے خدشہ ظاہر کیا کہ سلمان اکرم راجہ عمران خان کو سائیڈ لائن کر کے پارٹی پر مسلط ہو جائیں گے۔
انہوں نے متنبہ کیا کہ اگر یہ رویہ جاری رہا تو پی ٹی آئی کی قیادت اور کارکنوں کے درمیان خلیج بڑھ سکتی ہے۔ تاہم، سلمان اکرم راجہ یا پی ٹی آئی کی قیادت کی طرف سے ابھی تک اس بیان پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے اندرونی معاملات پر تنازعات کئی عرصے سے موضوع بحث بنے ہوئے ہیں، جبکہ عمران خان فی الحال جیل میں ہیں اور ان تک رسائی محدود ہے۔
Comments
0 comment