4 hours ago
قاضی فائز کی گاڑی کا گھیراؤ کرنے والوں کی شہریت منسوخ کرنے کا فیصلہ
Webdesk
|
30 Oct 2024
اسلام آباد : لندن میں سابق چیف جسٹس فائزعیسی کی گاڑی پر مبینہ حملہ کرنے والے پی ٹی آئی کارکنان کی شہریت ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لندن میں قدیم ترین قانونی درسگاہ مڈل ٹیمپل میں بطور بینچر منتخب ہونے کی تقریب کے بعد گزشتہ روز مبنیہ طور پر پی ٹی آئی کے کارکنان نے مبینہ حملہ اور گاڑی کا گھیرائو کیا۔
انٹرنیٹ پر وائرل ویڈیوز کے مطابق چیف جسٹس اس دوران سیٹ کے پیچھے چھپ گئے تھے۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے چیف جسٹس کی گاڑی کے گھیرا ئوکو حملہ قرار دیتے ہوئے تمام ملوث پاکستانیوں کی شہریت منسوخ کرنے کا اعلان کردیا۔
واضح رہے کہ سابق چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسی کو برطانیہ کی قدیم ترین قانونی درسگاہ مڈل ٹیمپل میں بطور بینچر منتخب کیا گیا ہے، ان کے اعزاز میں گزشتہ روز تقریب کا اہتمام کیا گیا۔
سابق چیف جسٹس نے مذکورہ تقریب میں اہلیہ کے ہمراہ شرکت کی تاہم تقریب سے واپسی پر انہیں چندافراد کی جانب سے مبینہ حملے کا سامنا کرنا پڑا۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے افسوسناک واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے نادرا کو حملہ آوروں کی شناخت کے لئے فوری اقدامات کا حکم دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حملہ آوروں کے خلاف پاکستان میں ایف آئی آر درج کرکے مزید کارروائی کی جائے گی جبکہ ان کے شناختی کارڈ بلاک اور پاسپورٹ منسوخ کئے جائیں گے جس کے لیے فوری کارروائی شروع کردی گئی ہے۔
وزیر داخلہ نے بتایا کہ شہریت منسوخی کا کیس منظوری کے لئے کابینہ بھیجا جائے گا۔
Comments
0 comment