اس وقت تمام نفلی عبادات سے افضل فلسطینیوں کی مالی مدد ہے، مفتی اعظم
ویب ڈیسک
|
16 Jan 2024
کراچی: مفتی اعظم پاکستان و شیخ الحدیث مفتی تقی عثمانی نے کہا ہے کہ اس وقت تمام نفلی عبادات سے افضل عبادت غزہ کے لوگوں اور مجاہدین کی مالی امداد ہے۔
کراچی میں منعقدہ تقریب میں خطاب کرتے ہوئے مفتی تقی عثمانی نے کہا کہ مٹھی بھر مجاہدین نے اسرائیل اور اس کے حواریوں کا غرور خاک میں ملادیا ہے، گریٹر اسرائیل کا منصوبہ مدینے منورہ تک پہنچنے کا ہے، گریٹر اسرائیل کے نقشے میں مدینہ بھی آتا ہے، اسرائیل اگر کامیاب ہوجاتا ہے تو خطے کے کسی ملک کی خیر نہیں۔
مفتی اعظم و سابق چئرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان نے کہا ہے کہ اسرائیل اور اس کے حواریوں نے بربریت کا بازار گرم رکھا ہے اور حماس نے جس طرح مزاحمت کی ہے وہ سلام کے مستحق ہیں۔
ان خیالات کا اظہار مفتیان اکرام نے کراچی کے نجی ہوٹل میں حرمت اقصی علما کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
مفتی تقی عثمانی نے کہا کہ مٹھی بھر مجاہدین نے اسرائیل اور اس کے حواریوں کا غرور خاک میں ملادیا ہے، گریٹر اسرائیل کا منصوبہ مدینے منورہ تک پہنچنے کا ہے، گریٹر اسرائیل کے نقشے میں مدینہ بھی آتا ہے۔ اسرائیل اگر کامیاب ہوجاتا ہے تو خطے کے کسی ملک کی خیر نہیں۔ عالم اسلام میں بہت سی زمینوں پر غیروں کا قبضہ ہے، لیکن یہاں مسئلہ زمین کا نہیں نا اس بات کا ہے کہ غیروں نے قبضہ کیا ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اصل مسئلہ بیت المقدس کا ہے۔ فلسطین کا مسئلہ مسجد اقصی کا ہے۔ جب سے صیہونیوں کا قبضہ ہوا ہے تو امت مسلمہ ہر فرض ہے اس یہودیوں سے آزاد کرائے۔
مفتی منیب الرحمان نے کہا کہ یہ ہمیں جمہوریت کا سبق پڑھاتے ہیں جو جدل ہے اور جابر ہے اس سے ہمیں نجات ملنی چاہئے، میں ساؤتھ افریقہ کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جس عالمی عدالت میں مسئلے کو اجاگر کیا۔ ہمیں لندن میں یا مغرب میں حقوق انسانی کے آزاد علمبردار ہیں ان کو جمع کرنا چاہئے، اور ان کے سامنے اسرائیل کو کھڑا کرنا چاہئے۔
مفتی منیب نے کہا کہ بساط کے مطابق سب کو اپنا حق ادا کرنا چاہئے، ہم وہاں امداد نہیں پہنچا سکے جو امت مسلمہ کی ناکامی ہے۔ اور یہ سوچیں کہ ایسے عمل کردار ادار کریں کہ ان کی مدد ہوسکے۔ پاکستانی میڈیا کو چاہئے وہ اپنے خبرناموں کا آغاز فلسطین اور مسجد اقصی کی حرمت سے کرے۔
غزہ پر اسرائیلی جارجیت کے 100دن مکمل ہونے پر کنونشن سے جید علمائے کرام اور مذہبی رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل غزہ میں انسانی حقوق کی سنگین پامالی کر رہا ہے، اقوام متحدہ، انسانی حقوق کے اداروں اور عالمی برادری کی خاموشی افسوسناک ہے، مسلم حکمران متحد ہوکر اسرائیلی مظالم کیخلاف عملی کردار ادا کریں، اسرائیل کا مکمل بائیکاٹ کیا جائے اور غزہ کے محصورین کے لیے ترجیحی بنیادوں پر امداد پہنچائی جائے۔
شرکارل سے گفتگو میں مفتیان نے کہا کہ حماس کی جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہیں،پاکستان کے علمائے کرام اور عوام ہر سطح پر فلسطینیوں کے ساتھ ہیں۔
پروگرام میں مولانامفتی محمدیوسف کشمیری، رئیس جامعہ الدراسات وممبر مرکزی رویت ہلال کمیٹی ،حافظ نعیم امیرجماعت اسلامی کراچی، فیصل ندیم نائب صدرپاکستان مرکزی مسلم لیگ، علامہ اورنگزیب امیر اہلسنت والجماعت پاکستان، قاری محمدعثمان امیر جمعیت علمائے اسلام (ف)، مفتی نعمان نعیم رئیس جامعہ بنوریہ عالمیہ، مفتی عبدالرحیم مہتمم جامعۃ الرشید ، پروفیسرمحمدسلفی نائب امیر جماعت غرباءاہلحدیث ، مولانامحمدیارربانی رہنما انصارالامہ،قاری فیاض جمعیت علماء اسلام، یوسف قصوری امیر مرکزی جمعیت اہلحدیث سندھ،،مولانا اقبال اللہ رہنما جمعیت علماء اسلام ( س ) ، محمداعجازامیر عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت،مولانا عبیداللہ ،مولانا امداداللہ ،مولانا سلیمان بنوری ،مولانا زبیراشرف ،مولانا عمران اشرف ، مولانا شریف کشمیری ،ڈاکٹر ناصر ہمدانی چئیرمین مسلم میڈیکل مشن، مولانا عبدالستاررہنمابیت السلام ٹرسٹ مولانامفتی عابد،علامہ لیاقت حسین ،علامہ رضوان احمد ،مفتی وسیم اختر،مولانامفتی رفیع الرحمن ودیگر نے کیا۔
پاکستان مرکزی مسلم لیگ کی میزبانی میں کراچی کے مقامی ہوٹل میں حرمت اقصیٰ کنونشن کے موقع پر مشترکہ اعلامیہ بھی پیش کیا گیا، جس میں اسرائیلی مظالم کی مذمت، حماس کی مزاحمت کو خراج عقیدت اور غزہ میں اسرائیل کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کا سلسلہ روکنے کے لیے عالمی برادری سے کردار ادا کرنے کی اپیل کی گئی۔
مزید برآں اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ کرنے اور ان سے سفارتی تعلقات منقطع کرنے، فلسطینوں پر مظالم کے خلاف احتجاج کا سلسلہ جاری رکھنے اور غزہ کے مسلمانوں کی امداد کے لیے بھی اپیل کی گئی۔
Comments
0 comment