شاہراہ فیصل پر پولیس کو ٹکر مار کر بھاگنے والے ڈرائیور نے 48 گھنٹے بعد خود گرفتاری دے دی

ویب ڈیسک
|
14 Apr 2025
شاہراہ فیصل پر پولیس کے روکنے پر ٹکر مار کر بھاگنے والے ڈمپر ڈرائیور نے رضاکارانہ گرفتاری دے دی۔
تفصیلات کے مطابق دو روز قبل شاہراہ فیصل پر تیز رفتار ڈمپر پولیس کے روکنے پر نہیں رکا بلکہ پولیس کی گاڑی ہی کو سائیڈ مار کر بھاگ نکل گیا تھا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھی۔
پولیس نے ڈرائیور کی گرفتاری کیلیے ڈمپر ایسوسی ایشن کے صدر لیاقت محسود اور دیگر حکام سے رابطہ کیا اور ڈرائیور کی حوالگی کا مطالبہ کیا۔
ڈمپر ایسوسی ایشن نے پہلے تو ڈرائیور کی حوالگی کا مطالبہ کیا تاہم پھر وہ مکر گئے جس کے بعد پولیس نے کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 127 ڈرائیورں کے چالان کیے جبکہ 27 کو ضبط اور ایک ڈرائیور کو گرفتار کیا۔
کریک ڈاؤن کے بعد اب رات گئے مفرور ڈمپر ڈرائیور نے تھانے پہنچ کر خود گرفتاری دی جس کے بعد پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کردی ہے۔
Comments
0 comment