سندھ طاس معاہدہ بحال نہ کرنے کا بیان عالمی ایگریمنٹ کی حرمت کی خلاف ورزی ہے، پاکستان

سندھ طاس معاہدہ بحال نہ کرنے کا بیان عالمی ایگریمنٹ کی حرمت کی خلاف ورزی ہے، پاکستان

اس قسم کا طرزِ عمل نہایت خطرناک اور غیر ذمے دارانہ نظیر قائم کرتا ہے، دفتر خارجہ
سندھ طاس معاہدہ بحال نہ کرنے کا بیان عالمی ایگریمنٹ کی حرمت کی خلاف ورزی ہے، پاکستان

ویب ڈیسک

|

21 Jun 2025

 ترجمان دفتر خارجہ نے کہاہے کہ پاکستان اپنی جانب سے سندھ طاس معاہدے کا مکمل احترام کرتا ہے اور اپنے جائز حقوق اور مفادات کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے گا۔

بھارتی وزیر داخلہ کے سندھ طاس معاہدے کی بحالی کو مکمل طور پر مسترد کرنے سے متعلق بیان پر ترجمان دفتر خارجہ نے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بیان بین الاقوامی معاہدوں کی حرمت کی کھلی خلاف ورزی اور سنگین بے حسی کا مظہر ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ سندھ طاس معاہدہ کوئی سیاسی مفاہمت نہیں بلکہ ایک بین الاقوامی معاہدہ ہے،جس میں کسی یکطرفہ اقدام کی کوئی گنجائش نہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے معاہدے کو معطل کرنے کا غیر قانونی اعلان بین الاقوامی قانون، معاہدے کی شقوں اور ریاستوں کے باہمی تعلقات کے بنیادی اصولوں کی صریح خلاف ورزی ہے۔ 

ترجمان نے کہا کہ اس قسم کا طرزِ عمل نہایت خطرناک اور غیر ذمے دارانہ نظیر قائم کرتا ہے، جو بین الاقوامی معاہدوں کی ساکھ کو نقصان پہنچاتا ہے اور ایسی ریاست کی سنجیدگی پر سوال اٹھاتا ہے جو کھلے عام اپنے قانونی وعدوں سے انحراف کرتی ہے۔

پاکستان نے واضح کیا کہ پانی کو سیاسی ہتھیار کے طور پر استعمال کرنا غیر ذمے دارانہ فعل ہے اور عالمی سطح پر تسلیم شدہ ریاستی اصولوں کے منافی ہے بھارت کو چاہیے کہ وہ فوری طور پر اپنے یکطرفہ اور غیر قانونی مؤقف کو واپس لے اور سندھ طاس معاہدے پر مکمل اور بلا تعطل عملدرآمد کو بحال کرے۔

دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اپنی جانب سے اس معاہدے کا مکمل احترام کرتا ہےاور اپنے جائز حقوق اور مفادات کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے گا۔

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!