سوشل میڈیا مہم ڈیجیٹل دہشت گردی، آپریشن عزم استحکام ضروری ہے، کور کمانڈرز کانفرنس

سوشل میڈیا مہم ڈیجیٹل دہشت گردی، آپریشن عزم استحکام ضروری ہے، کور کمانڈرز کانفرنس

کور کمانڈرز کانفرنس کا اہم اعلامیہ جاری
سوشل میڈیا مہم ڈیجیٹل دہشت گردی، آپریشن عزم استحکام ضروری ہے، کور کمانڈرز کانفرنس

ویب ڈیسک

|

5 Jul 2024

آرمی چیف کی زیر صدارت کانفرنس میں کورکمانڈرز نے ریاستی اداروں کے خلاف سوشل میڈیا پر جاری مہم کو ڈیجیٹل دہشت گردی قرار دے دیا جبکہ آپریشن عزم استحکام کو ملک کی اہم ضرورت قرار دیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نشانِ امتیاز (ملٹری) کی زیر صدارت265ویں کور کمانڈرز کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔

 فورم نے امن و استحکام کیلئے شہداء، افواجِ پاکستان، دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پاکستانی شہریوں کی لازوال قربانیوں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔فورم کا ملکی سلامتی کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے  '' عزمِ استحکام''  کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ 

فورم نے انسدادِ دہشت گردی کے لئے اختیار کی جانے والی حکمت عملی کے ضمن میں ”عزمِ استحکام“ کو اہم قدم قرار دیا  فورم نے ملک میں پائیدار استحکام اور معاشی خوشحالی کے لیے”عزمِ استحکام“ دہشت گردی اورغیر قانونی سرگرمیوں  کے گٹھ جوڑ کو ختم کرنے کے لئے وقت کا اہم تقاضہ قرار دیا۔ 

فورم نے چند حلقوں کی جانب سے ”عزمِ استحکام“ کے حوالے سے بلاجواز تنقید اورمخصوص مفادات کے حصول کے لئے قیاس آرائیوں پر اظہارِ تشویش کا اظہار کیا فورم نے علاقائی سلامتی بالخصوص افغانستان کی صورتحال پر غور اور علاقائی امن و سلامتی کے فروغ کے لیے عزم کا اعادہ کیا۔ 

کانفرنس کے شرکاء کا کشمیر اور فلسطین کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔فورم کی کشمیر اور غزہ میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں، جنگی جرائم اور نسل کشی کی مذمت کی گئی۔عسکری قیادت قوم کو درپیش چیلنجز کا بخوبی ادراک رکھتی ہے اور عوام کے تعاون سے اپنی آئینی حدود میں رہتے ہوئے ایک پائیدار حل کے لئے کوشاں ہے۔ 

کانفرنس کے شرکاء نے سیاسی عزائم کی تکمیل کیلئے جاری ڈیجیٹل دہشت گردی کو ریاستی اداروں کے خلاف سازش قرار دیا۔ شرکاء کانفرنس کا کہنا ہے کہ ریاست مخالف بیرونی طاقتوں کی سرپرستی میں جاری ڈیجیٹل دہشت گردی کا مقصد جھوٹ، جعلی خبروں اور پروپیگنڈے کے ذریعے قوم میں نفاق اور مایوسی پھیلانا ہے۔

فورم نے کہا کہ افواج پاکستان اور پاکستانی قوم ان سازشوں سے نہ صرف آگاہ ہیں بلکہ دشمن کے مذموم مقاصد کو شکست دینے کیلئے پُرعزم اور متحد ہیں۔فورم نے ملک میں جاری سماجی اور معاشی ترقی کے لئے کی جانے والی کوششوں کے لئے مکمل تعاون کا اعادہ کیا۔فورم نے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے اورمعاشی ترقی و استحکام کے لئے کی جانے والی حکومتی کوششوں کی مکمل تائید کی۔ 

آرمی چیف کا کہنا تھا ”پاک فوج تمام اندرونی اور بیرونی چیلنجز کو ناکام بنانے کیلئے ہمیشہ سے تیار رہی ہے“ آرمی چیف نے پیشہ ورانہ مہارت اور آپریشنل تیاریوں کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنے پر زور دیا درپیش چیلنجز کے باوجود پاک فوج پاکستان کے استحکام اور خوشحالی میں اپنا بھرپور کردارادا کرتی رہے گی۔

 

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!