’تیار رہو‘ : تحریک انصاف کے بانی چیئرمین کا عوام کے نام اہم پیغام
ویب ڈیسک
|
18 Dec 2023
پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین نے کور کمیٹی کے توسط سے عوام اور کارکنان کے نام اہم پیغام جاری کردیا۔
پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ عمران خان نے کورکمیٹی کے توسط سے بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کا کارکنان اور عوام کے نام پیغام دیا۔
اپنے پیغام میں بانی چیئرمین نے کہا کہ ووٹ ہمارا بنیادی دستوری، قانونی اور جمہوری حق ہے، کارکنان اور عوام 8 فروری کے انتخاب کی تیاری کریں، عوام کسی کو اپنے ووٹ کے بنیادی حق پر ڈاکا ڈالنے کی اجازت نہ دیں اور اپنے ووٹ کو محفوظ طریقے سے فیصلے میں ڈھالنے کا اہتمام کریں۔
عمران خان نے کہا کہ انتخابات میں التوا یا ان کی شفافیت پر کسی قسم کا حملہ ملک کے مفاد میں نہیں، کارکنان اور عوام مل کر ایسے حملوں کی راہ روکنے کی منصوبہ بندی کریں اور تیار رہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو تباہی و لاقانونیت کے اندھیروں میں دھکیلنے والے باہم مل کر بھی انتخاب میں تحریک انصاف اور اس کی پشت پر کھڑے عوام کو شکست نہیں دے سکتے۔
پی ٹی آئی کی کورکمیٹی نے ایک بار پھر الیکشن کمیشن آف پاکستان سے ’بلے‘ کے انتخابی نشان جاری کرنے کا فوری مطالبہ کیا اور کہا کہ صاف، شفاف انٹرا پارٹی انتخابات کے انعقاد کے بعد لیکشن کمیشن آف پاکستان کے پاس تحریک انصاف کو ”بلّے“ کے نشان سے محروم رکھنے کاکوئی آئینی و قانونی جواز نہیں، ”بلّے“ کا نشان روک کر انعقاد سے پہلے انتخابات کی شفافیت کا جنازہ نکالنے کی بجائے الیکشن کمیشن کروڑوں ووٹرز کی سیاسی شناخت یعنی ”بلّے“ کا انتخابی نشان جاری کرے۔
Comments
0 comment