وزیراعظم کی علی امین گنڈاپور سے ملاقات، مکمل سپورٹ کی یقین دہانی
Webdesk
|
13 Mar 2024
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات ہوئی، ملاقات میں دونوں جانب سے مسکراہٹوں کا تبادلہ ہوا، وزیراعظم شہباز شریف نے خوشگوار موڈ میں علی امین گنڈاپور کا استقبال کیا اور انہیں وفاق سے مکمل سپورٹ کی یقین دہانی کرائی۔
خیال رہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو وفاقی حکومت کے ساتھ مل کر چلنے کا مشورہ دیا گیا ہے، جس کے بعد وزیراعظم اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کی ملاقات ہوئی ہے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کو صوبے کے مسائل پر وزیراعظم سے ملاقات کرنے کا مشورہ بھی دیا گیا ہے۔
میڈیا سے گفتگو میں علی امین گنڈاپور نے ملاقات کا احوال بتاتے ہوئے کہا کہ شہبازشریف سے ملاقات مثبت رہی، وزیر اعظم سے ملاقات میں عوامی مسائل سے متعلق بات چیت ہوئی ہے، شہباز شریف نے مکمل سپورٹ کی یقین دہانی کروائی ہے۔
علی امین گنڈا پور نے کہا کہ ہم وفاق سے وہ مطالبے نہیں کریں گے جو ممکن نہ ہو، ہمیں عمران خان سے سینیٹ الیکشن پر مشاورت کرنی ہے، اس لیے عمران خان سے ملاقات کرنا چاہتا ہوں۔
علی امین گنڈا پور کے ساتھ مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال نے بھی میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سیاست اپنی اپنی اور ریاست ہم سب کی ہے، ہم سب نے ایک جسم اورایک جان بن کر مقابلہ کرنا ہے۔ ملک میں امن واستحکام کیلئے سب کو ساتھ لے کر چلیں گے اور خیبرختونخوا کے واجبات کا معاملہ بھی جلد حل کریں گے۔
امیرمقام کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا ہم سب کا ہے، سب کو مل کر ہی عوام کے مسائل حل کرنا ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلی اور وزیراعظم کی ملاقات عوام کیلئے خوش آئند ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈپور نے وزیراعظم شہازشریف اور صدرمملکت کے حلف برداری میں شرکت سے انکار کردیا تھا۔
دوسری جانب کابینہ کے پہلے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور نے کہا تھا کہ وفاق سے سیاسی و نظریاتی اختلاف رہے گا مگر ورکنگ ریلیشن رکھیں گے، ہماری معاشی ٹیم ان کے ساتھ بیٹھ کر معاملات دیکھے گی۔ دوسری طرف ترجمان ن لیگ اختیار ولی خان نے کہا ہے ک ہوزیراعلیٰ علی امین خود وزیراعظم کیساتھ بیٹھیں گے تو معاملات درست ہو سکتے ہیں۔
Comments
0 comment