آئی ایم ایف نے عوام کیلیے بجلی کی قیمتوں میں 18 روپے تک کمی کی تجویز دے دی
ویب ڈیسک
|
27 Mar 2024
بین الاقوامی مالیاتی فنڈ(آئی ایم ایف) نے بجلی کی قیمتوں میں کمی کے لیے انرجی مکس بہتر بناکر کپیسٹی چارجز میں کمی اور نئے پاور پلانٹس چلانے سمیت دیگر تجاویز دیدی ہیں۔
وزارت خزانہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف نے تجویز دی ہے کہ ملک کی توانائی کی ضروریات پوری کرنے کیلئے پہلے نئے پاور پلانٹس کو مکمل پیداواری صلاحیت کے مطابق چلایا جائے کیونکہ نئے پاور پلانٹس کو پوری پیداواری صلاحیت کے مطابق نہ چلانے کی وجہ سے صارفین پر سالانہ دو ہزار ارب روپے کے لگ بھگ بوجھ پڑتا ہے۔
ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق اگر ان پلانٹس سے سو فیصد پیداواری صلاحیت کے مطابق بجلی پیدا کی جائے تو اس سے ٹیرف میں کمی لانے میں مدد ملے گی اور صنعتی ٹیرف میں کمی کیلئے کپیسٹی چارجز کو کم کرنا ضروری ہے، اگر پاور پلانٹس کو متبادل فیول فراہم کرکے پوری پیدوارای صلاحیت استعمال کی جائے گی تو اس سے بجلی کی قیمتوں میں شامل کپیسٹی چارجز میں سترہ سے اٹھارہ روپے کی کمی واقع ہوسکتی ہے۔
اس کے علاوہ آئی ایم ایف نے تجویز دی ہے کہ مقامی گیس سے سرکاری شعبے کے 5 ہزار میگاواٹ والے گیس پاورپلانٹس کو چلایا جائے جس سے ایل این جی کے مقابلے میں10 سے14 روپے فی یونٹ سستی بجلی پیدا ہوگی۔
ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ تمام صنعتی زونزکو بلا تعطل بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔
Comments
0 comment