یہ ہمیں شکست نہیں دے سکتے، عوام کا غصہ 8 فروری کو نکلے گا، عمران خان

یہ ہمیں شکست نہیں دے سکتے، عوام کا غصہ 8 فروری کو نکلے گا، عمران خان

فوج کے 80 فیصد لوگ اور اُن کے خاندان الیکشن میں پی ٹی آئی کو ووٹ دیں گے، بانی چیئرمین تحریک انصاف
یہ ہمیں شکست نہیں دے سکتے، عوام کا غصہ 8 فروری کو نکلے گا، عمران خان

ویب ڈیسک

|

24 Jan 2024

پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ انتخابی نشان لے کر بھی یہ پی ٹی آئی کو شکست نہیں دے سکتے، میرا ہاتھ عوام کی نبض پر ہے اور وہ 8 فروری کو غصے کی صورت میں ردعمل دیں گے۔

راولپنڈی کے اڈیالہ جیل میں قائم عدالت میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے بانی پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ شیخ رشید سے جیل میں کوئی ملاقات نہیں ہوئی کیونکہ مجھے نظر بند کیا ہوا ہے۔ انہوں نے ایک بار پھر اپنا دعویٰ دہراتے ہوئے کہا کہ 80 فیصد فوج پی ٹی ائی کے ساتھ ہے اور اُن کے گھر والے تحریک انصاف کو ہی ووٹ دیں گے۔

بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ یہ جو مرضی کر لیں انتخابی نشان لے لیں، پی ٹی آئی کوہرا نہیں سکتے، ایسی پری پول دھاندلی تاریخ میں کبھی نہیں ہوئی، یہ 8 فروری کو بھی دھاندلی کریں گے۔ دھاندلی کے باوجود ضمنی انتخابات ہارنے پر یہ پی ٹی آئی کو فیلڈ نہیں دے رہے۔

عمران خان نے کہا کہ ’میرا ہاتھ عوام کی نبض پر ہے اور عوام کا غصہ اٹھ فروری کو نکلے گا، میری ایک ہی ڈیل ہے اور وہ ہے صاف اور شفاف انتخابات کرائیں اور جمہوریت لائیں، یہ جو سوچ رہے ہیں یہ ملک کو نقصان پہنچانے والے ہیں، یہ الیکشن نہیں آزادی کی جدوجہد ہے‘۔

بانی پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ سنا ہے انہوں نے دفعہ 144 کا نفاذ کر دیا ہے، دفعہ 144 کا نفاذ میرے اتوار کو الیکشن مہم شروع کرنے کے بیان کے بعد کیا گیا، اب دیکھ لینا پی ٹی آئی کو جلسے اور ریلیوں کی اجازت نہیں ملے گی، دفعہ 144 نواز شریف نے لگوائی ہوگی کیونکہ نواز شریف کے جلسوں میں تو کوئی آ نہیں رہا، اسکے جلسوں میں پی ٹی آئی کے نعرے لگ رہے ہیں، نواز شریف خود تو گھر بیٹھے ہیں کہ یہ مجھے سلیکٹ تو کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سب تیار رہیں، یہ جس امیدوار کو پکڑیں گے ہم اس کی جگہ کسی اور کو کھڑا کر دیں گے، یہ عوام سے ڈرے ہوئے ہیں، ہمارے امیدواروں کو میری تصویر لگانے کی اجازت نہیں دی جا رہی، یہاں تک کہ امیدواروں کو قیدی نمبر 804 لکھنے کی بھی اجازت نہیں ہے، جو ہماری پارٹی میں نہیں رہے، ان کو ہماری تصویر لگانے کا کہہ رہے ہیں۔

’تحریک انصاف کے ساتھ وہ ہو رہا ہے جو پہلے تاریخ میں کبھی کسی سیاسی جماعت کے ساتھ نہیں ہوا،  جنہوں نے 9 مئی کو جلاؤ گھیراؤ کیا سب کو سی سی ٹی وی فوٹیجز کے ذریعے پکڑا جائے، انہوں نے کور کمانڈر ہاؤس لاہور، جی ایچ کیو اور اسلام آباد ہائی کورٹ کی سی سی ٹی وی فوٹیجز ہی غائب کر دی ہیں‘۔

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ہمارے پاس ویڈیوز ہیں جس میں یاسمین راشد کارکنان کو تلقین کر رہی ہیں کہ کور کمانڈر ہاؤس کی طرف نہیں جانا، امریکہ میں کیپیٹل ہِل پر جب حملہ ہوا تو ملزمان کو سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے گرفتار کیا گیا، جیل سے حق رائے دہی کے استعمال کے لیے پوسٹل بیلٹ کےلئے اپلائی کر دیا ہے، کسی سے کوئی ڈیل نہیں ہورہی صرف ایک ہی ڈیل ہے کہ ملک میں صاف اور شفاف انتخابات ہوں۔

عمران خان نے مزید کہا کہ 9 مئی واقعات پر نگران  وفاقی حکومت کی نگرانی میں تحقیقات کو نہیں مانتے، نو مئی سے متعلق کوئی ازادانہ انکوائری نہیں ہوئی، نگران حکومت اور اسٹیبلشمنٹ اور الیکشن کمیشن ملے ہوئے ہیں۔

 

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!