ایران اسرائیل تنازع، پاکستان نے فضائی حدود کی نگرانی شروع کردی
Webdesk
|
14 Apr 2024
اسلام آباد: ایران کے اسرائیل پر جوابی حملے کے بعد پاکستان نے کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے اپنی فضائی حدود، خصوصاً مغربی سمت سے آنے والی پروازوں کی نگرانی شروع کردی ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کے ذرائع نے کہا کہ نئی صورتحال کے حوالے سے ایئر ٹریفک کنٹرول کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق افغانستان اور ایران کی سمت سے آنے والی ہر پرواز کی نگرانی کی جائے گی۔سی اے اے کے ذرائع نے بتایا کہ ملکی حدود میں داخل ہونے والی پروازوں کو ایئر ٹریفک کنٹرول سے لازمی اجازت لینا ہوگی۔
واضح رہے کہ گزشتہ شب ایران نے اسرائیل پر تقریباً 200 ڈرون اور کروز میزائل فائر کیے تھے، ایرانی پاسدران انقلاب نے اسرائیل پر حملے کی باضابطہ تصدیق کی تھی۔حملے میں اسرائیلی دفاعی تنصیبات اور فوجی ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔
ایرانی میڈیا کے مطابق یہ حملہ یکم اپریل کو اسرائیل کے دمشق میں ایرانی قونصل خانے پر حملے کے جواب میں ہے جس میں ایرانی پاسداران انقلاب کے لیڈر سمیت 12 افراد شہید ہوگئے تھے۔
Comments
0 comment