پاکستان میں بلیو اسکائی تک رسائی میں صارفین کو مشکلات
ویب ڈیسک
|
20 Nov 2024
ایکس کے متبادل کے طور پر ابھر کر سامنے آنے والی نئی سوشل میڈیا اپیلیکیشن بلیو اسکائی پر بھی پاکستانی صارفین کو رسائی میں پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
ٹویٹر کے سابق بانی کی زیر ملکیت ایپ بلیو اسکائی کو امریکی صدارتی انتخابات کے دوران ایک بار پھر پذیرائی ملی جبکہ اس سے قبل برازیل میں بھی انتخابات کے دوران اسی ایپ نے لوگوں کی توجہ حاصل کی تھی۔
گزشتہ دو روز سے پاکستان سے تعلق رکھنے والے متعدد صارفین نے وی پی این کی بندش کے بعد ایکس سے بلیو اسکائی کا سفر کیا اور اپنے اکاؤنٹ بناکر سوشل میڈیا کی دنیا میں نیا آغاز کیا۔
تاہم اب اطلاعات ہیں کہ ایکس کے بعد بلیو اسکائی پر بھی صارفین کو رسائی میں مشکلات کا سامنا ہے۔
سوشل میڈیا صارفین کا دعویٰ ہے کہ بلیو اسکائی بھی وی پی این کے بغیر کام نہیں کررہی جبکہ اس کو پاکستان میں زبان زد عام ہوئے صرف چار ہی دن ہوئے ہیں۔
صارفین کے مطابق بلیو اسکائی تک رسائی میں گزشتہ رات سے مسائل کا سامنا ہے۔ ٹیکنالوجی ماہرین کے مطابق ممکنہ طور پر سرور پر دباؤ کی وجہ سے سروس متاثر ہوئی ہوگی۔
واضح رہے کہ بلیو سکائی ایکس کی طرز پر بنی ایک ایپ ہے مگر اس کی خصوصیت یہ ہے کہ ایکس کے برعکس یہ ڈی سینٹرلائزڈ ہے اور صارفین کو اپنے فالوورز کا ڈیٹا میسر ہے اور ساتھ ساتھ ’ایلگورتھم‘ خود چننے کا آپشن بھی موجود ہے۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کی جانب سے بلیو اسکائی کی بندش کے حوالے سے کوئی بیان جاری کیا گیا اور نہ ہی سروس بند کرنے کی تردید و تصدیق کی گئی ہے۔
Comments
0 comment