1 hour ago
ایتھوپیا میں 12 ہزار سال سے خاموش آتش فشاں پھٹ گیا، پاکستان بھی متاثر
ویب ڈیسک
|
25 Nov 2025
ایتھوپیا کے شمال مشرقی علاقے میں موجود آتش فشاں ہائلی گوبی تقریباً 12 ہزار سال بعد پہلی بار پھٹ پڑا، جبکہ اس کے نتیجے میں اٹھنے والے راکھ کے بادل پاکستان کے جنوبی حصوں تک بھی پہنچ گئے۔
گوادر کے قریب سمندری حدود میں اس راکھ کی موجودگی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے بعد ہوابازی کے شعبے کو ہائی الرٹ جاری کردیا گیا۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ آتش فشاں اتوار کے روز فعال ہوا۔ یہ مقام ایتھوپیا کے دارالحکومت ادیس ابابا سے تقریباً 805 کلومیٹر شمال مشرق میں واقع ہے اور رفٹ ویلی کے ان علاقوں میں شمار ہوتا ہے جہاں زمین کی ٹیکٹونک سرگرمیاں سب سے زیادہ ہیں۔
مقامی حکومتی نمائندے محمد سعید نے بتایا کہ اب تک کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، تاہم قریبی دیہات راکھ کی موٹی تہہ میں ڈھک گئے ہیں جس سے مقامی معیشت خصوصاً مویشیوں کی خوراک سخت متاثر ہوئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہائلی گوبی کے پھٹنے کا کوئی ریکارڈ پہلے موجود نہیں تھا، اس لیے صورتحال غیر معمولی ہے۔
دوسری جانب Volcanic Ash Advisory Center (VAAC) کے مطابق آتش فشاں سے اٹھنے والے راکھ کے بادل یمن، عمان، بھارت اور پاکستان تک پھیل گئے ہیں۔
پاکستان میں یہ راکھ سب سے پہلے گوادر کے جنوبی علاقوں میں ساحل سے تقریباً 60 ناٹیکل میل کی دوری پر نوٹ کی گئی۔ ترجمان محکمہ موسمیات انجم نذیر ضیغم کے مطابق آج مسلسل دو وولکینک ایش الرٹ جاری کیے گئے۔ انہوں نے بتایا کہ راکھ 45 ہزار فٹ کی بلندی تک پہنچ چکی ہے اور پاکستان کی فضائی حدود استعمال کرنے والی بین الاقوامی پروازیں عام طور پر اسی بلندی پر سفر کرتی ہیں۔
لہٰذا پائلٹس کو راکھ کے بادلوں کے متعلق خصوصی احتیاط کی ہدایت دی گئی ہے۔ ماہرین کے مطابق صورتِ حال پر مسلسل نظر رکھی جارہی ہے جبکہ راکھ کے بادل مزید پھیلنے کی صورت میں فضائی آپریشن متاثر ہونے کا خدشہ بھی موجود ہے۔
Comments
0 comment