عید الفطر پر ٹریفک حادثات میں 20 افراد جان سے گئے

Webdesk
|
1 Apr 2025
عید الفطر کی چھٹیوں کے دوران ملک بھر میں ٹریفک حادثات کے نتیجے میں 20افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
عید کی خوشیاں لاپرواہی سے ڈرائیونگ اور تیز رفتاری سے متاثر ہوئیں، جس کے نتیجے میں ملک بھر میں متعدد جان لیوا سڑک حادثات رونما ہوئے۔
مختلف واقعات میں کم از کم 20 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے، جب کہ متعدد زخمی ہوئے۔
سرگودھا میں سلام والی روڈ پر تیز رفتار رکشہ موٹر سائیکل سے ٹکرا گیا جس کے نتیجے میں 8 سالہ بچی جاں بحق اور ایک شخص جاں بحق جب کہ 5 افراد زخمی ہوگئے۔زخمیوں کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
لاہور میں جناح انڈر پاس پر افسوسناک حادثہ پیش آیا جہاں موٹر سائیکل بجلی کے کھمبے سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں دو نوجوان جاں بحق ہوگئے۔ دوسری جانب رینالہ خورد میں کار اور موٹر سائیکل میں تصادم کے نتیجے میں دو خواتین سمیت تین افراد جاں بحق ہوگئے۔
قمبر شہدادکوٹ، میرپور ساکرو اور حافظ آباد میں موٹر سائیکل کے الگ الگ حادثات میں 8 افراد جان کی بازی ہار گئے۔
ٹنڈو الہ یار میں تیز رفتار کار ناصر نہر میں جا گری جس کے نتیجے میں 4 نوجوان جاں بحق ہوگئے۔
جاں بحق افراد کی شناخت علی شان، عبدالہادی، عدیل اور سمیر کے ناموں سے ہوئی جو نارتھ کراچی سیکٹر 11-جے کے رہائشی تھے۔ رپورٹس کے مطابق عدیل اور اس کے دوست رشتہ داروں سے ملنے میرپور خاص جا رہے تھے جب یہ سانحہ پیش آیا۔ جس کے بعد ان کی لاشیں واپس کراچی منتقل کر دی گئی ہیں۔
اسلام آباد میں کلب روڈ پر تیز رفتار ٹویوٹا ہائی ایس وین اور کار کے درمیان تصادم کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جب کہ چھ ماہ کے شیر خوار بچے سمیت سات افراد زخمی ہوگئے۔
Comments
0 comment