دو کمسن بچے مضر صحت دودھ پینے سے جاں بحق

ویب ڈیسک
|
16 Feb 2025
پنجاب کے ضلع بہاولنگر کے علاقے ہارون آباد میں مضر صحت دودھ پینے سے دو کمسن بچے جاں بحق ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق ہارون آباد کے نواحی گاؤں 122 سکس آر میں ایک المناک واقعہ پیش آیا، جہاں مبینہ طور پر دودھ پینے سے دو بچوں کی موت ہو گئی۔
جانبحق ہونے والے بچوں میں چار سالہ بچی افق اور چار ماہ کا بچہ احمد شامل ہیں۔
اہل خانہ کے مطابق دونوں بچوں نے مبینہ طور پر دودھ پیا، جس کے بعد ان کی طبیعت بگڑ گئی۔ گھر والوں نے بچوں کو فوری طور پر ہسپتال لے جانے کی کوشش کی، لیکن وہاں پہنچنے تک وہ جانبر نہ ہو سکے۔
پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور ابتدائی طور پر یہ خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ بچوں نے کسی زہریلے مادے سے آلودہ دودھ پی لیا ہوگا۔
تاہم، حتمی وجہ جاننے کے لیے بچوں کے پیٹ سے لیے گئے نمونوں کی لیبارٹری رپورٹ کا انتظار کیا جا رہا ہے۔ پولیس نے متوفی بچوں کے گھر والوں سے تفصیلی بیان بھی ریکارڈ کیا ہے اور گاؤں کے دیگر رہائشیوں سے بھی معلومات اکٹھی کی جا رہی ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی اصل وجہ معلوم کرنے کے بعد ہی کوئی حتمی رائے قائم کی جائے گی۔ یہ واقعہ گاؤں میں رہنے والے خاندانوں کے لیے ایک بڑا صدمہ ہے، اور مقامی لوگوں نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ واقعے کی مکمل تحقیقات کر کے ذمہ داروں کو قرار واقعی سزا دیں۔
پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی قسم کی مشکوک سرگرمی یا معلومات کی صورت میں فوری طور پر متعلقہ حکام کو مطلع کریں، تاکہ ایسے واقعات کو مستقبل میں روکا جا سکے۔
متوفی بچوں کے گھر والوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے پولیس نے کہا کہ وہ واقعے کی مکمل تحقیقات کر کے انصاف یقینی بنائیں گے۔
Comments
0 comment