9 hours ago
کراچی کے فاسٹ فوڈ، بریانی ریسٹورنٹس اور ہوٹلوں میں مردہ مرغیوں کا گوشت استعمال ہونے کا انکشاف

ویب ڈیسک
|
19 Oct 2025
شہرِ قائد میں ناقص اور مضرِ صحت گوشت کی فروخت کا انکشاف ہوا ہے۔
پولیس نے گلبرگ کے علاقے موسیٰ کالونی میں کارروائی کرتے ہوئے ایک گودام سے 80 کلو سے زائد مردہ مرغیوں کا گوشت برآمد کرلیا اور دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق، پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ ریلوے پھاٹک کے قریب ایک گودام میں مردہ مرغیوں کا گوشت تیار کر کے شہر کے مختلف فاسٹ فوڈ مراکز، بریانی پوائنٹس اور ہوٹلوں کو سپلائی کیا جا رہا ہے۔
گلبرگ پولیس نے چھاپہ مار کارروائی کے دوران انور ولد ادریس عرف علی بنگالی اور کمال ولد منان کو گرفتار کر کے مردہ مرغیوں سے بھرا گودام سیل کر دیا۔
پولیس کے مطابق، کارروائی کے دوران سندھ فوڈ کنٹرول اتھارٹی کو بھی طلب کیا گیا، جنہوں نے موقع پر پہنچ کر گوشت کے نمونے سیل کر کے لیبارٹری بھیج دیے۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق، گرفتار ملزمان مردہ مرغیوں کا گوشت کم قیمت پر شہر کے مختلف ہوٹلوں اور ریسٹورنٹس کو فروخت کرتے تھے۔
پولیس اس بات کی چھان بین کر رہی ہے کہ یہ کاروبار کب سے جاری تھا اور کن تجارتی مراکز کو گوشت فراہم کیا جاتا رہا۔
گلبرگ پولیس نے واقعے کا مقدمہ سرکار کی مدعیت میں درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔
Comments
0 comment