کراچی میں ڈرم سے خاتون کی جھلسی ہوئی ناقابل شناخت اور تشدد زدہ لاش برآمد

کراچی میں ڈرم سے خاتون کی جھلسی ہوئی ناقابل شناخت اور تشدد زدہ لاش برآمد

شرافی گوٹھ میں ملیر ندی کے قریب روڈ پر رکھے ڈرم سے 34 سالہ نامعلوم خاتون کی لاش ملی
کراچی میں ڈرم سے خاتون کی جھلسی ہوئی ناقابل شناخت اور تشدد زدہ لاش برآمد

ویب ڈیسک

|

13 Jul 2025

کراچی کے علاقے شرافی گوٹھ ملیر ندی سڑک کے قریب ایک پلاسٹک کے ڈرم سے خاتون کی ہاتھ پاؤں بندھی، تشدد زدہ اور جھلسی ہوئی لاش برآمد ہوئی ہے۔ 

پولیس کے مطابق نامعلوم ملزمان نے خاتون کو قتل کرنے کے بعد اس کی شناخت چھپانے کے لیے چہرہ جلا دیا اور لاش کو نیلے رنگ کے پلاسٹک کے ڈرم میں بند کرکے مذکورہ مقام پر پھینک دیا۔

ایس ایچ او شرافی گوٹھ راؤ خالد نے بتایا کہ لاش ہفتے کے روز اس مقام پر پھینکی گئی تھی جہاں قریبی آبادی موجود ہے۔ مکینوں نے ڈرم سے تعفن اٹھنے پر مددگار 15 پولیس کو اطلاع دی۔ 

پولیس نے موقع پر پہنچ کر ڈرم کھولا تو اس میں سے خاتون کی لاش برآمد ہوئی۔ لاش کے ہاتھ پاؤں رسی سے بندھے ہوئے تھے اور چہرہ شدید جھلسا ہوا تھا، جس سے شناخت فوری طور پر ممکن نہ ہوسکی۔

پولیس کا خیال ہے کہ ملزمان نے رکشے یا سوزوکی پک اپ جیسی گاڑی کے ذریعے لاش کو ڈرم میں بند کرکے اس مقام پر پھینکا اور فرار ہوگئے۔

 کرائم سین یونٹ نے موقع سے شواہد اکٹھے کیے ہیں۔ خاتون کی عمر 30 سے 40 سال کے درمیان بتائی جاتی ہے۔ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے چھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد موت کی وجہ کا تعین کیا جاسکے گا۔

قریبی آبادی کے مکینوں نے ڈرم سے بدبو اٹھنے پر فوری پولیس کو مطلع کیا، جس کے بعد پولیس نے تیز رفتار کارروائی کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا۔ فی الحال خاتون کی شناخت کے لیے مزید شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں، جبکہ پولیس مشتبہ افراد کی تلاش میں سرگرم ہے۔

 پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ کوئی بھی مشکوک سرگرمی دیکھنے کی صورت میں فوری مددگار 15 پر رابطہ کریں۔

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!