3 hours ago
کراچی میں تیز رفتار ٹرالر نے میاں بیوی اور 2 سالہ بچے کو روند ڈالا
ویب ڈیسک
|
30 Jan 2026
کراچی کے علاقے نیٹی جیٹی پل پر جمعے کی علی الصبح ایک دلخراش ٹریفک حادثے میں میاں بیوی اور ان کا کمسن بچہ جان کی بازی ہار گئے۔
پولیس کے مطابق حادثہ رات تقریباً ایک بج کر پانچ منٹ پر پیش آیا، جب ایک تیز رفتار ٹریلر نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی۔
حادثے کے نتیجے میں تینوں افراد شدید زخمی ہو گئے، جنہیں فوری طور پر سول اسپتال کراچی منتقل کیا گیا، تاہم ڈاکٹرز نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق افراد کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی، جبکہ ٹریلر کا ڈرائیور گاڑی سمیت موقع سے فرار ہو گیا۔
اس سے قبل نیٹی جیٹی پل پر واٹر ٹینکر نے موٹر سائیکل سوار کو روندا جس کے نتیجے میں پولیس اہلکار سمیت دو افراد جاں بحق ہوئے۔
متوفی اہلکار گارڈن ہیڈ کوارٹر میں تعینات تھا۔
دوسری جانب کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن میں بھی ایک اور حادثہ پیش آیا، جہاں بلدیہ نمبر 4 میں ایک لوڈڈ ڈمپر نے موٹر سائیکل سوار کو کچل دیا۔ زخمی شخص کو تشویشناک حالت میں سول اسپتال پہنچایا گیا، مگر وہ جانبر نہ ہو سکا۔
پولیس کے مطابق واقعے کے بعد فوری کارروائی کرتے ہوئے ڈمپر کے ڈرائیور کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور گاڑی کو تحویل میں لے لیا گیا ہے۔
ٹریفک پولیس کے ریکارڈ کے مطابق سال 2025 کے دوران کراچی میں سڑک حادثات میں 803 افراد اپنی جانیں گنوا چکے ہیں، اگرچہ حکام کا کہنا ہے کہ سال کے دوسرے حصے میں ٹریفک صورتحال میں کچھ بہتری دیکھنے میں آئی ہے۔
Comments
0 comment