کراچی، سڑک پر خراب ہونیوالے واٹر ٹینکرز کیخلاف ایف آئی آر درج ہوگی

کراچی، سڑک پر خراب ہونیوالے واٹر ٹینکرز کیخلاف ایف آئی آر درج ہوگی

گزشتہ صبح شارع فیصل پر ٹریفک جام کی بدترین صورت حال دیکھنے کو ملی
کراچی، سڑک پر خراب ہونیوالے واٹر ٹینکرز کیخلاف ایف آئی آر درج ہوگی

Webdesk

|

18 Dec 2024

 کراچی: ٹریفک پولیس نے شہر میں آئے روز سڑک جام کے مسئلے پر سخت رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی میں سڑک پر خراب ہونے والے واٹر ٹینکر کے خلاف اب ایف آئی آر درج ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ صبح شارع فیصل پر ٹریفک جام کی بدترین صورت حال دیکھنے کو ملی، سڑک پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی تھیں، بتایا گیا کہ واٹر ٹینکر کی خرابی کی وجہ سے ٹریفک جام ہے، اور دفاتر کی طرف جانے والے ہزاروں شہری 2 گھنٹوں تک ٹریفک میں پھنسے رہے۔

شہریوں نے بتایا کہ انھوں نے ماڈل کالونی قبرستان سے ایئرپورٹ سگنل تک 50 منٹ کا سفر طے کیا، اور اس وقت بھی کچھ پتا نہیں کہ دفتر کب پہنچیں گے۔ ٹریفک پولیس کے پاس اتنی صلاحیت نہیں ہے کہ ایمرجنسی رسپانس کر سکے۔

ذرائع کے مطابق ٹریفک جام میں ایمبولینسیں بھی پھنسی ہوئی تھیں، اور 2 گھنٹے کے بعد خراب واٹر ٹینکر کو سڑک سے ہٹا کر سائیڈ پر کیا گیا، ٹینکر ہٹائے جانے کے باوجود ٹریفک کا شدید دبائو رہا، اور کراچی کے ہزاروں شہری وقت پر اپنی منزل تک نہ پہنچ سکے۔

ٹریفک پولیس نے صورت حال کے حوالے سے بتایا کہ صبح سویرے 2 واٹر ٹینکر سڑک پر خراب ہو گئے تھے، ایک ٹینکر صبح 5 بجے سے سڑک پر موجود تھا جسے ہیوی مشینری کے ذریعے ہٹایا گیا۔ دوسرا ٹینکر بھی صبح سے کالونی گیٹ پر کھڑا تھا۔

ٹریفک پولیس حکام نے کہا کہ اب جو گاڑی سڑک پر خراب ہوگی اس کے خلاف مقدمہ ہوگا، ٹریفک پولیس روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ بھی بنا رہی ہے، اور یہ رپورٹ بالا حکام تک ارسال کی جاتی ہے، حکام نے کہا کہ دونوں خراب ٹینکرز کے خلاف ایف آئی آر کروا رہے ہیں۔

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!