کراچی ٹریفک حادثات، کمسن بچے جاں بحق، رواں سال کی تعداد 196 تک پہنچ گئی

14 hours ago

کراچی ٹریفک حادثات، کمسن بچے جاں بحق، رواں سال کی تعداد 196 تک پہنچ گئی

149 مرد، 21 خواتین، 19 بچے اور 7 بچیاں شامل ہیں
کراچی ٹریفک حادثات، کمسن بچے جاں بحق، رواں سال کی تعداد 196 تک پہنچ گئی

ویب ڈیسک

|

16 Mar 2025

شہر کے مختلف علاقوں میں پیش آنے والے ٹریفک حادثات میں ایک شیر خوار بچی اور ایک کمسن بچہ جاں بحق ہو گئے، جبکہ متوفیہ بچی کی والدہ شدید زخمی ہو گئیں۔

حالیہ واقعے کے بعد رواں سال کے دوران ٹریفک حادثات میں جاں بحق ہونے والوں کی مجموعی تعداد 196 ہو گئی ہے، جبکہ 2 ہزار 412 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ شہر میں ہیوی گاڑیوں سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 61 ہو چکی ہے۔  

تفصیلات کے مطابق، لانڈھی مانسہرا کالونی کے قریب ایک ٹریفک حادثے میں ماں اور شیر خوار بچی زخمی ہو گئیں۔ چھیپا کے رضاکاروں نے انہیں فوری طبی امداد فراہم کرتے ہوئے جناح اسپتال پہنچایا۔

ریسکیو حکام کے مطابق، زخمی شیر خوار بچی دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔ بچی کی شناخت 2 سالہ سفینہ دختر فدا حسین کے نام سے کی گئی ہے، جبکہ اس کی والدہ 30 سالہ حمیرا کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ حادثہ نامعلوم گاڑی کی موٹر سائیکل سے ٹکر کے باعث پیش آیا ہے، جس کی پولیس مزید تحقیقات کر رہی ہے۔  

اسی طرح، کورنگی اللہ والا ٹاؤن کے قریب ایک اور ٹریفک حادثے میں موٹر سائیکل پر سوار والدین کے ہمراہ 6 سالہ حرم ولد حامد سر پر چوٹ لگنے سے شدید زخمی ہو گیا۔

ایدھی حکام کے مطابق، بچے کو ابتدائی طور پر قریبی اسپتال لے جایا گیا، جہاں سے بعد میں اسے جناح اسپتال منتقل کیا گیا، لیکن وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ حادثہ شہزور ٹرک کی موٹر سائیکل کو عقب سے ٹکر مارنے کے باعث پیش آیا ہے۔ موقع پر موجود افراد نے ڈرائیور کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا۔  

چھیپا حکام کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق، رواں سال کے دوران ٹریفک حادثات میں مجموعی طور پر 196 افراد جاں بحق ہوئے ہیں، جن میں 149 مرد، 21 خواتین، 19 بچے اور 7 بچیاں شامل ہیں۔ اسی عرصے میں 2 ہزار 412 افراد زخمی ہوئے ہیں، جن میں 2013 مرد، 302 خواتین، 71 بچے اور 26 بچیاں شامل ہیں۔  

چھیپا حکام کے مطابق، رواں سال کے 73 دنوں میں شہر کے مختلف علاقوں میں ہیوی گاڑیوں کی ٹکر سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 61 ہو گئی ہے۔ ان میں ڈمپر کی ٹکر سے 15 افراد، ٹریلر کی ٹکر سے 22 افراد، واٹر ٹینکر کی ٹکر سے 11 افراد، مزدا کی ٹکر سے 5 افراد، اور بس کی ٹکر سے 8 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔  

یہ اعداد و شمار شہر میں ٹریفک حادثات کی سنگینی کو واضح کرتے ہیں اور اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ ٹریفک قوانین کی سختی سے پابندی اور ڈرائیورز کی بیداری کی فوری ضرورت ہے۔

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!