20 hours ago
کراچی ایئرپورٹ پر غیر ملکی ایئر لائن کی غلطی کے باعث مسافر آف لوڈ

Webdesk
|
13 Jul 2025
کراچی ایئرپورٹ پر اس وقت مضحکہ خیز صورتحال پیدا ہوگئی جب دو ہم نام مسافروں میں سے ایک کو آف لوڈ کر دیا گیا اور نجی ایئر لائن کی پرواز اصل مسافر کو چھوڑ کر روانہ ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی ایئرپورٹ پر ایک جیسے دو نام کے مسافروں کی وجہ سے عملہ غلط فہمی کا شکار ہوگیا ان میں سے ایک کو آف لوڈ کردیا گیا۔
اس حوالے سے پاکستان ایئر پورٹ اتھارٹی (پی اے اے) حکام نے کہا کہ کراچی سے دبئی جانے والے مسافر کو غلطی سے آف لوڈ کیا گیا۔
عارف علی نامی مسافر کو آف لوڈ کیا گیا اور نجی ایئر لائن کی دبئی کی پرواز اصل مسافر کو چھوڑ کر روانہ ہوگئی۔مقامی ایئرلائن کا مسافر غلطی سے غیر ملکی ایئرلائن کے کائونٹر پر گیا، عملے نے ٹکٹ دیکھے بغیر ہی اسے بورڈنگ کارڈ دے دیا۔
نجی ایئرلائن کا اصل مسافر عارف علی غیر ملکی ایئرلائن کا بورڈنگ کارڈ لے کر ڈپارچر لائونچ پہنچ گیا، غیر ملکی ایئرلائن کی پرواز کراچی سے شارجہ جارہی تھی۔
پی اے اے حکام کے مطابق کچھ دیر بعد کائونٹر پر غیرملکی ایئرلائن کے اصل مسافر عارف علی کے آنے پر عملے کو اپنی غلطی کا احساس ہوا۔
غیرملکی ایئرلائن کے عملے نے مقامی ایئرلائن کے مسافرعارف علی سے بورڈنگ کارڈ لے کر واپس بھیج دیا، ایک جیسے دو نام کے مسافروں سے ایئرلائن عملے سے غلطی ہوئی۔
حکام کے مطابق نجی ایئرلائن کی دبئی جانے والی پرواز کی بورڈنگ مکمل ہونے پر دروازہ بند کردیا گیا، نجی ایئرلائن کا مسافر عارف علی غریب ہے، دوسرے ٹکٹ کے پیسے بھی نہیں ہیں۔
Comments
0 comment