کراچی ایئرپورٹ پر کمسن بچی کو بالوں سے پکڑ کر گرانے والے اہلکار کو سزا
ویب ڈیسک
|
13 Apr 2024
شہر قائد میں قائم جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے بیرون ملک آمد کے دروازے پر ڈیوٹی کے دوران کمسن بچی سے ناروا سلوک کرنے والے ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس کے آفیسر کو سزا دے دی گئی۔
واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر بچی سے ناروا سلوک کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں بچی بیرون ملک سے مزدوری کر کے آنے والے والد کو دیکھ کر اُن سے ملنے کے لیے بھاگی تھی۔
بچی کے آگے بڑھتے ہی دروازے پر ڈیوٹی دینے والے اہلکار نے اُس کو بالوں سے پکڑ کر زمین پر گرا دیا تھا جس کے بعد بچی اپنے والد کے باہر آنے پر اُن کے پاس روتی ہوئی گئی تھی۔
اس ویڈیو نے انٹرنیٹ پر تہلکہ مچادیا تھا جس کے بعد گزشتہ روز اے ایس ایف کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا تھا کہ واقعہ پرانا ہے اور یہ اہلکار کا اپنا فعل ہے جس پر وہ محکمانہ کارروائی کا سامنا کرچکا ہے۔
اب ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ بچی کے ساتھ ناروا سلوک کرنے والے افسر کا نام شابان ہے اور واقعہ مارچ میں پیش آیا۔
نوٹی فکیشن کے مطابق بچی کو بالوں سے پکڑ کر زمین پر گرانے والے افسر کے خلاف تحقیقات مکمل کرلی گئیں ہیں جس کے تحت اُسے دو دفعات کے تحت سزا بھی سنائی گئی ہے۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ مذکورہ افسر نے واقعے سے متعلق افسران کو آگاہ نہیں کیا اور نہ ہی اُس نے فورس کے نظم و ضبط کا مظاہرہ کیا، ایسا رویہ ناقابل قبول اور برداشت ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد دو افسران کے خلاف کارروائی کے لیے بھی کابینہ ڈویژن کو رپورٹ ارسال کی گئی ہے۔ رپورٹ کی روشنی میں ماہرین کا کہنا ہے کہ بچی کے ساتھ ناروا سلوک کرنے والے افسر کو کورٹ مارشل کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے۔
Comments
0 comment