8 hours ago
رانگ سائیڈ آنے والے تیز رفتار ٹینکر نے 13 سالہ بچے کو کچل دیا، ٹریفک حادثات میں 3 ہلاک

ویب ڈیسک
|
16 Jul 2025
کراچی کے مختلف علاقوں میں ہونے والے ٹریفک حادثات میں تین افراد ہلاک ہو گئے، جن میں دو نوجوان بھی شامل ہیں۔ خونی اور تیز رفتار واٹر ٹینکر نے نوجوان کی زندگی چھین لی۔
تفصیلات کے مطابق گلشن معمار کے علاقے سیکٹر ایس (کریم شاہ مزار روڈ) کے قریب ایک واٹر ٹینکر نے موٹر سائیکل سوار 13 سالہ یاسین کو ٹکر ماری، جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔
ٹینکر مخالف سمت سے آ رہا تھا۔ حادثے کے بعد مشتعل افراد نے ٹینکر پر پتھراؤ کیا اور اس کی ونڈ اسکرین توڑ دی۔ پولیس نے ڈرائیور کو گرفتار کر لیا ہے۔
کیماڑی گیٹ نمبر 15 (مدینہ مسجد کے قریب) ایک نامعلوم گاڑی نے ایک 48 سالہ راہگیر کو ٹکر مار دی، جس سے وہ جاں بحق ہو گیا۔ متوفی کی شناخت اب تک نہیں ہو سکی۔ جیکسن پولیس واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے۔
شیرشاہ (النور کانٹا کے قریب) ایک نوجوان ٹرک سے گر کر ہلاک ہو گیا۔ ایدھی رضاکاروں نے 16 سالہ انور کی لاش سول اسپتال پہنچائی۔ پولیس مزید تفتیش کر رہی ہے۔
Comments
0 comment