سانحہ گل پلازا، اینٹی مارٹم ڈیٹا سے مزید 12 افراد کی باقیات کی شناخت

سانحہ گل پلازا، اینٹی مارٹم ڈیٹا سے مزید 12 افراد کی باقیات کی شناخت

شناخت اینٹی مارٹم ڈیٹا اور گل پلازا میں پروف آف پریزنس سے کی گئی۔
سانحہ گل پلازا، اینٹی مارٹم ڈیٹا سے مزید 12 افراد کی باقیات کی شناخت

Webdesk

|

29 Jan 2026

کراچی: سانحہ گل پلازا میں جھلس کر جاں بحق ہونے والے مزید 12 افراد کی باقیات کی شناخت کر لی گئی۔

سی پی ایل سی ذرائع کے مطابق شناخت اینٹی مارٹم ڈیٹا اور گل پلازا میں پروف آف پریزنس سے کی گئی۔

اس سے متعلق ذرائع نے بتایا کہ نارتھ ناظم آباد سے شاپنگ کے لیے آئی فیملی کے 3 افراد کی شناخت ہوئی، اینٹی مارٹم ڈیٹا سے عمر نبیل، ان کی اہلیہ ڈاکٹر عائشہ اور بیٹے علی کی باقیات کی شناخت ہوئی۔

سی پی ایل سی ذرائع کے مطابق اینٹی مارٹم ڈیٹا سے خضر علی، حیدر علی، عامر علی، ابوبکر، یاسین، صداقت اللہ، یوسف خان، نعمت اللہ اور عبداللہ کی بھی شناخت کی گئی۔

شناخت کے بعد جاں بحق 12 افراد کی باقیات لواحقین کے سپرد کر دی گئیں۔تفتیشی حکام کے مطابق ملبے سے مجموعی طور پر 18 افراد کی باقیات نکالی گئیں، تاہم ان میں سے کئی باقیات انتہائی خراب حالت میں تھیں، جس کے باعث ان کے نمونے لیبارٹری نہیں بھیجے جا سکے۔

حکام نے بتایا کہ خستہ حال بارہ سیمپلز سے بھی ڈی این اے کے نتائج حاصل نہیں ہو سکے، جس کی وجہ سے شناخت کے عمل میں شدید مشکلات کا سامنا رہا۔ اس دوران گھڑی، انگوٹھی، بٹوہ اور دیگر ذاتی اشیا کی مدد سے دو لاشوں کی شناخت ممکن بنائی گئی، جو دکاندار ابو بکر اور ان کے ملازم عامر کی تھیں، جن کی شناخت ابو بکر کے بیٹے تاج نے کی۔

دوسری جانب سائٹ میٹروول کے رہائشی ایک ہی خاندان کے تین افراد کی شناخت بھی مکمل کر لی گئی ہے۔ حکام کے مطابق نعمت اللہ، عبد اللہ اور یوسف خان کی میتیں ڈی این اے ٹیسٹ کے ذریعے شناخت ہوئیں۔

نعمت اللہ اور عبد اللہ سگے بھائی تھے جبکہ یوسف خان ان کا کزن تھا۔ اسی طرح گارڈن کے رہائشی صداقت اللہ کی میت کی شناخت بھی مکمل کر لی گئی ہے۔

تفتیشی حکام کے مطابق شناخت مکمل ہونے کے بعد یہ میتیں ایدھی سردخانے سے لواحقین کے حوالے کر دی گئی ہیں۔حکام نے بتایا کہ دو سگے بھائی خضر اور حیدر علی کی باقیات بھی ورثا کے حوالے کردی گئی ہیں، جبکہ نارتھ ناظم آباد کے رہائشی عمر نبیل، ان کی اہلیہ اور بیٹے کی باقیات بھی لواحقین کے سپرد کی جا چکی ہیں۔

تفتیشی حکام کے مطابق سانحہ گل پلازا میں جاں بحق ہونے والے مجموعی طور پر انتالیس افراد کی میتیں اور باقیات اب تک ان کے ورثا کے حوالے کی جا چکی ہیں، جبکہ واقعے سے متعلق قانونی اور تفتیشی کارروائی بدستور جاری ہے۔

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!