4 hours ago
تیزاب گردی واقعات میں سزائے موت شامل کرنے کی تجویز
ویب ڈیسک
|
9 Jun 2026
قومی اسمبلی میں تیزاب گردی کے جرائم کے لیے سزاؤں کو مزید سخت بنانے سے متعلق ایک نجی بل پیش کر دیا گیا ہے، جس میں مجرموں کے لیے سزائے موت شامل کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
یہ بل رکن قومی اسمبلی نوابزادہ میر جمال خان رئیسانی کی جانب سے جمع کرایا گیا، جس میں پاکستان پینل کوڈ کی متعلقہ شق میں ترمیم کی سفارش کی گئی ہے۔
بل میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ تیزاب پھینکنے کے واقعات روکنے کے لیے موجودہ سزائیں مؤثر ثابت نہیں ہو سکیں، جبکہ ایسے حملے متاثرین کو زندگی بھر کے جسمانی اور ذہنی مسائل سے دوچار کر دیتے ہیں۔
مجوزہ ترمیم کے تحت تاحال موجود سزائیں، جن میں عمر قید، کم از کم 14 سال قید اور جرمانہ شامل ہیں، برقرار رہیں گی، تاہم سزائے موت کو بھی اضافی سزا کے طور پر شامل کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
بل میں کوئٹہ میں ڈاکٹر ماہم نور ناصر پر ہونے والے حالیہ تیزاب حملے کا بھی حوالہ دیا گیا ہے اور اسے سخت قانون سازی کی ضرورت کی ایک مثال قرار دیا گیا ہے۔
مجوزہ بل اب قومی اسمبلی کے قانونی طریقہ کار کے تحت غور کے لیے پیش کیا جائے گا۔
Comments
0 comment