11 hours ago
وادی تیراہ فائرنگ واقعہ: مظاہرین اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان مذاکرات کامیاب

ویب ڈیسک
|
27 Jul 2025
وادی تیراہ: خیبرپختونخوا کی وادی تیراہ میں سیکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے ایک معصوم بچی سمیت 5 افراد کی ہلاکت کے بعد پیدا ہونے والی کشیدہ صورتحال میں قبائلی عمائدین اور سیکیورٹی حکام کے درمیان کامیاب مذاکرات ہوئے ہیں جس کے بعد مظاہرین نے اپنا احتجاج ختم کر دیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بریگیڈیئر کی زیر نگرانی ہونے والے اس جرگے میں قبائلی عمائدین نے پانچ بڑے مطالبات پیش کیے۔
ان مطالبات میں 10 سالہ بچی کے قتل میں ملوث اہلکاروں کے خلاف ایف آئی آر درج کرنا، سیکیورٹی فورسز کی جانب سے قبضے میں لیے گئے مقامی شہریوں کے گھروں کو 15 روز کے اندر خالی کرنا، مقامی آبادی پر ڈرون کے استعمال پر پابندی عائد کرنا، چیک پوسٹوں پر شہریوں کو غیر ضروری ہراساں کرنے کا سلسلہ بند کرنا، اور فائرنگ سے جاں بحق افراد کے لواحقین کو مالی معاونت فراہم کرنا شامل تھے۔
سیکیورٹی حکام کی جانب سے بعض مطالبات تسلیم کر لیے گئے ہیں۔ بریگیڈیئر نے ہر شہید کے لواحقین کو 15 لاکھ روپے اور ہر زخمی کو 2 لاکھ روپے معاوضہ دینے کا اعلان کیا، جبکہ زخمیوں کے مفت علاج کی بھی یقین دہانی کرائی گئی۔
تاہم، سیکیورٹی اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کرنے اور مکانات خالی کرنے کے مطالبات کو مسترد کر دیا گیا، جنہیں بریگیڈیئر نے "قبل از وقت" قرار دیا۔
مطالبات کے کچھ حصے تسلیم کیے جانے کے بعد مظاہرین نے اپنا احتجاج ختم کر دیا۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز سرچ آپریشن کے دوران ایک 10 سالہ بچی سیکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے جاں بحق ہو گئی تھی، جس کے خلاف آج مقامی افراد اور لواحقین نے تیراہ بریگیڈ ہیڈ کوارٹر کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا تھا۔ اس مظاہرے کے دوران سیکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے مزید 5 افراد جاں بحق اور 17 زخمی ہو گئے تھے۔
Comments
0 comment