بھارت سے شکست، پاکستان کا آئندہ میچز نہ کھیلنے کا مشروط فیصلہ

ویب ڈیسک
|
15 Sep 2025
کراچی: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے واضح کر دیا ہے کہ اگر ایشیا کپ میں میچ ریفری کو تبدیل نہ کیا گیا تو قومی ٹیم آئندہ میچز میں شرکت نہیں کرے گی۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ آئی سی سی کی جانب سے موجودہ میچ ریفری کو برقرار رکھنے کی صورت میں پاکستان ٹورنامنٹ کے بقیہ مقابلوں میں حصہ نہیں لے گا۔
یہ فیصلہ اس پس منظر میں سامنے آیا ہے کہ گزشتہ روز کے میچ میں متنازعہ فیصلے اور کھلاڑیوں کے درمیان ہاتھ نہ ملانے کے واقعے نے ماحول کو کشیدہ بنا دیا تھا۔ پاکستانی ٹیم انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس موقع پر میچ ریفری نے جان بوجھ کر کپتانوں کو مصافحہ کرنے سے روکا، جس سے کھیل کی روح مجروح ہوئی۔
پی سی بی نے اس معاملے پر آئی سی سی اور ایم سی سی کو باضابطہ خط بھی لکھا ہے، جس میں میچ ریفری پائی کرافٹ اور ایونٹ ڈائریکٹر اینڈریو پارسل کو ہٹانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ بھارتی کھلاڑیوں کی جانب سے پاکستانی پلیئرز سے مصافحہ نہ کرنے کے عمل پر پہلے ہی ایشین کرکٹ کونسل غور کر رہی ہے اور اس حوالے سے سخت ایکشن متوقع ہے۔
Comments
0 comment