بحرین میں کبڈی ٹورنامنٹ، پاکستانی کھلاڑی بھارت کی ٹیم سے کھیلتے ہوئے پکڑے گئے
ویب ڈیسک
|
18 Dec 2025
پاکستانی کبڈی کھلاڑی عبیداللہ راجپوت بحرین میں ہونے والے ایک کبڈی ٹورنامنٹ میں بھارتی ٹیم کی جانب سے کھیلنے پر شدید تنازعے کا شکار ہو گئے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وہ بھارتی ٹیم کی جرسی میں نظر آئے اور ہاتھ میں بھارت کا جھنڈا بھی تھام رکھا تھا، جس پر سوشل میڈیا اور کھیلوں کے حلقوں میں سخت ردعمل سامنے آیا ہے۔
اس معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے پاکستان کبڈی فیڈریشن کی جنرل کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کر لیا گیا ہے۔ فیڈریشن کے سیکریٹری رانا سرور کے مطابق اجلاس چیئرمین چوہدری شفاعت حسین کی ہدایت پر 27 دسمبر کو منعقد ہوگا، جس میں اس معاملے پر غور کیا جائے گا۔
رانا سرور نے بتایا کہ بحرین میں ہونے والے اس ٹورنامنٹ میں 16 پاکستانی کھلاڑیوں نے شرکت کی تھی، تاہم وہ کسی بھی صورت میں پاکستان کی قومی ٹیم کی نمائندگی نہیں کر رہے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ فیڈریشن نے نہ تو ان کھلاڑیوں کو اجازت دی تھی اور نہ ہی کوئی نو آبجیکشن سرٹیفکیٹ (این او سی) جاری کیا گیا تھا۔
فیڈریشن کے مطابق کھلاڑیوں نے ذاتی حیثیت میں ایک ٹیم بنائی اور پاکستان کے نام کا استعمال حکومتی اجازت اور فیڈریشن کو اطلاع دیے بغیر کیا، جو قواعد کے خلاف ہے۔
رانا سرور نے کہا کہ عبیداللہ راجپوت کی جانب سے بھارتی ٹیم کی نمائندگی کرنا اور عوامی سطح پر بھارتی جھنڈا لہرانا ایک سنجیدہ معاملہ ہے، جس کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ذمہ دار افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور بغیر اجازت ایسے ایونٹس کو فروغ دینے والوں کے خلاف بھی اقدامات ہوں گے۔
انہوں نے واضح کیا کہ فیڈریشن کسی ایسے عمل کو برداشت نہیں کرے گی جس سے پاکستان کی ساکھ کو نقصان پہنچے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ کلب سطح کے مقابلوں میں مختلف ممالک کے کھلاڑی ایک ساتھ کھیل سکتے ہیں، مگر کسی دوسرے ملک کی ٹیم کی نمائندگی کرنا اور اس کا جھنڈا لہرانا ناقابلِ قبول ہے۔
Comments
0 comment