بی سی سی آئی نے تردید کردی

بی سی سی آئی نے تردید کردی

بھارتی کرکٹ بورڈ کو معاملے پر وضاحت دینی پڑ گئی
بی سی سی آئی نے تردید کردی

ویب ڈیسک

|

27 Apr 2025

بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے ان افواہوں کی سختی سے تردید کی ہے جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ آئی سی سی کے آئندہ مقابلوں میں پاکستان اور بھارت کو علیحدہ گروپوں میں رکھا جائے گا۔

مقبول اسپورٹس ویب سائٹ 'کرک بز' کی ایک رپورٹ کے مطابق یہ افواہیں اس وقت گردش میں آئیں جب 22 اپریل کو بھارت کے زیرِ انتظام کشمیر کے مسلم اکثریتی علاقے پہلگام میں ایک افسوسناک واقعے میں 26 سیاحوں کی ہلاکت کی اطلاع سامنے آئی۔

رپورٹس میں کہا گیا تھا کہ بی سی سی آئی نے آئی سی سی کو خط لکھ کر بھارت اور پاکستان کو الگ الگ گروپوں میں رکھنے کی درخواست کی ہے۔ تاہم بی سی سی آئی کے ترجمان نے ان رپورٹس کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے آئی سی سی سے کوئی بات چیت نہیں ہوئی ہے اور نہ ہی کسی قسم کا کوئی خط لکھا گیا ہے۔

بی سی سی آئی نے وضاحت کی کہ اس معاملے پر تمام افواہیں بے بنیاد ہیں اور اب تک کوئی باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا۔ واضح رہے کہ فی الحال کوئی بڑا آئی سی سی ایونٹ قریب نہیں، تاہم خواتین کا ورلڈ کپ رواں سال ستمبر اور اکتوبر میں بھارت میں منعقد ہوگا، جس کے لیے پاکستان کی خواتین ٹیم پہلے ہی کوالیفائی کر چکی ہے۔

دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی پہلے ہی یہ اعلان کر چکے ہیں کہ موجودہ صورتحال میں پاکستان کی خواتین ٹیم ورلڈ کپ کے لیے بھارت نہیں جائے گی۔

بھارت اور پاکستان کے درمیان ایک معاہدے کے تحت آئی سی سی ایونٹس میں میزبان ملک مقام کا تعین کرتا ہے جبکہ دونوں ٹیمیں نیوٹرل وینیو پر میچ کھیلنے پر متفق ہیں۔

بی سی سی آئی کے نائب صدر راجیوا شکلا نے بھی حال ہی میں تصدیق کی کہ حکومتِ ہند کی پالیسی کے تحت پاکستان کے ساتھ دوطرفہ سیریز نہیں ہوتی، تاہم آئی سی سی ٹورنامنٹس میں دونوں ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف کھیلتی ہیں۔ انہوں نے پہلگام واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے متاثرین سے ہمدردی کا اظہار بھی کیا۔

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!