چیمپئنز ٹرافی کیلیے افغانستان کے پاکستان آنے کے فیصلے پر بھارت تلملا اٹھا
ویب ڈیسک
|
24 Jul 2024
بھارت نے چیمپئنز ٹرافی کھیلنے کیلیے پاکستان آنے پر افغانستان کے فیصلے پر مایوسی اور ناراضی کا اظہار کیا ہے۔
بدھ کو ذرائع نے بتایا کہ بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (BCCI) اور اس کے سیکرٹری جے شاہ مبینہ طور پر افغانستان کے 2025 چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان کا سفر کرنے کے فیصلے سے ناخوش ہیں۔
چیمپئنز ٹرافی فروری اور مارچ 2025 میں پاکستان میں شیڈول ہے۔ ذرائع کے مطابق، ایک روز قبل افغانستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے صدر میرویس اشرف نے کولمبو میں آئی سی سی کی سالانہ جنرل میٹنگ کے دوران پی سی بی کے سربراہ محسن نقوی کو میگا ایونٹ میں اپنے ملک کی شرکت کی تصدیق کی۔
تاہم، اس فیصلے کو بی سی سی آئی اور اس کے سیکرٹری نے قبول نہیں کیا۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ بی سی سی آئی نے پہلے افغانستان کو اپنے میچوں کی میزبانی کے لیے نوئیڈا، لکھنؤ اور دہرادون سمیت ہندوستان میں ہوم وینیوز فراہم کرکے ان کی مدد کی تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ حمایت کے باوجود، افغانستان نے چیمپئنز ٹرافی میں شرکت کے لیے پاکستان کی دعوت کو قبول کرنے کا انتخاب کیا ہے۔تاہم، بی سی سی آئی یا اے سی بی کی جانب سے ذریعہ کی معلومات کی توثیق کرنے والا کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا۔
قبل ازیں بھارتی میڈیا نے خبر دی تھی کہ بلیو شرٹس آئی سی سی ٹورنامنٹ کے لیے پاکستان کا سفر نہیں کریں گے۔ چیمپئنز ٹرافی میں بھارت کے میچز لاہور میں شیڈول ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) پہلے ہی میگا ایونٹ کا شیڈول انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے ساتھ شیئر کر چکا ہے، جس میں پاکستان اور بھارت کے درمیان یکم مارچ کو قذافی سٹیڈیم میں ہونے والا انتہائی متوقع میچ شامل ہے۔
تاہم، بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (BCCI) نے ٹورنامنٹ میں اپنے ملک کی شرکت کی باضابطہ طور پر تصدیق یا تردید نہیں کی ہے۔
Comments
0 comment