لاہور قلندرز کا شاہین آفریدی کے ساتھ کتنے میں معاہدہ ہوا؟
ویب ڈیسک
|
6 Feb 2026
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 11ویں سیزن سے قبل لاہور قلندرز نے بنگلہ دیش کے فاسٹ بولر مستفیض الرحمان کو براہِ راست سائن کرنے اور قومی ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کو برقرار رکھنے کا اعلان کر دیا ہے۔
فرنچائز کے مطابق مستفیض الرحمان کو 6 کروڑ 44 لاکھ روپے کے معاوضے پر ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ وہ اس سے قبل 2016 اور 2018 کے سیزنز میں بھی لاہور قلندرز کی نمائندگی کر چکے ہیں۔
لاہور قلندرز کے مالک سمین رانا نے مستفیض الرحمان کی واپسی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ٹیم کے ماحول کا اہم حصہ رہے ہیں اور ڈریسنگ روم میں ان کی موجودگی ٹیم کے لیے فائدہ مند ہوگی۔
فرنچائز نے دیگر اہم کھلاڑیوں کو بھی برقرار رکھا ہے۔ شاہین شاہ آفریدی کو 7 کروڑ روپے کے معاوضے کے ساتھ ٹیم کا سب سے مہنگا برقرار رکھا گیا کھلاڑی قرار دیا گیا ہے۔ بلے باز عبداللہ شفیق کو 2 کروڑ 2 لاکھ روپے، جب کہ زمبابوے کے آل راؤنڈر سکندر رضا کو 2 کروڑ 8 لاکھ روپے میں برقرار رکھا گیا ہے۔ ابھرتے ہوئے بلے باز محمد نعیم کو 70 لاکھ روپے میں ٹیم کا حصہ رکھا گیا ہے۔
لاہور قلندرز پی ایس ایل کے 11ویں ایڈیشن میں اپنے ٹائٹل کا دفاع کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔
دوسری جانب ملتان سلطانز کی ٹیم کی نیلامی 9 فروری کو متوقع ہے، جبکہ پی ایس ایل 11 کے لیے مختلف فرنچائزز کی جانب سے کھلاڑیوں کی براہِ راست سائننگ اور ریٹینشن کا عمل جاری ہے۔
Comments
0 comment