محسن نقوی کرکٹ کی بہتری کیلیے متحرک
ویب ڈیسک
|
23 Jan 2024
نگران وزیر اعلیٰ پنجاب اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) مینجمنٹ کمیٹی کے نامزد چیئرمین محسن نقوی کرکٹ کی بہتری کے لیے سرگرم ہوگئے۔
محسن نقوی نے چیئرمین نامزد منتخب ہونے کے بعد پی سی بی کے سی ای او سلمان نصیر کو ملاقات کے لیے بلا لیا۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں سلمان نصیر بورڈ اور کرکٹ امور چلانے سمیت نامزد بورڈ مینجمنٹ کمیٹی کو تفصیلی بریفنگ دیں گے۔
محسن نقوی اپنی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعد باقاعدہ چارج سنبھالیں گے۔ محسن نقوی نے گزشتہ روز وزرات بین الصوبائی کی طرف سے بورڈ میں ذمہ داریوں کی آفر قبول کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اس حوالے سے ہرممکن کوشش کریں گے کہ ملکی کرکٹ کو ٹھیک کرنے میں کردار ادا کرسکیں۔
نگراں وزیر اعلیٰ محسن نقوی کی نامزدگی کا باقاعدہ نوٹیفیکیشن کسی وقت بھی متوقع ہے. اس بات کو بھی یقینی بنایا جارہا ہے کہ آئی سی سی کو بھی اس سارے معاملے میں اعتماد میں لیا جائے تاکہ ہی سی بی معاملات میں حکومتی مداخلت کے تاثر کو زائل کیا جاسکے۔
Comments
0 comment