کرکٹ کی دنیا سے بڑی خبر، پاکستان نے بھارت کو شکست دے دی
ویب ڈیسک
|
10 Dec 2023
انڈر 19 ایشیا کپ میں پاکستان نے اذان اویس کی شاندار سنچری کی بدولت بھارت کو 8 وکٹوں سے شکست دیکر ٹورنامنٹ میں مسلسل دوسری کامیابی حاصل کرلی۔
دبئی میں جاری اے سی سی انڈر 19کرکٹ ایشیا کپ میں اتوار کو پاکستان ٹیم نے ٹاس جیت کر بھارتی انڈر 19 ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
بھارتی ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں پر 259 رنز بنائے۔ادرش سنگھ 62، ادے شرن 60 اور سچن دھاس نے 58 رنز کی اننگز کھیلی۔
پاکستان کی جانب سے محمد ذیشان نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 4 کھلاڑی آؤٹ کیے جبکہ عامر حسین اور عبید شاہ نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستان انڈر 19کرکٹ ٹیم نے بھارت کا 260 رنز کا ہدف با آسانی 47 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔
گرین شرٹس کی جانب سے اذان اویس نے شاندار سنچری اور کپتان سعد بیگ نے 68 رنز اسکور کرکے پاکستان کو بھارت کے خلاف میچ جتوانے میں اہم کردار ادا کیا۔
اذان اویس 105 اور کپتان سعد بیگ نے 68 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔
اس کے علاوہ شاہ زیب خان نے 63 اور شیمل حسین نے 8 رنز بنائے۔اذان اویس کو شاندار سنچری اسکور کرنے پر پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔
واضح رہے کہ پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم نے ایشیا کپ کے پہلے میچ میں نیپال کو شکست دی تھی۔
Comments
0 comment