پہلا ٹی 20: بنگلادیش کے ہاتھوں پاکستان کو بدترین شکست

ویب ڈیسک
|
20 Jul 2025
بنگلہ دیش نے پاکستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان کو باآسانی 7 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی ہے۔
شیر بنگلہ نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں بنگلہ دیشی باؤلرز نے پاکستانی بیٹنگ لائن اپ کو مکمل طور پر دباؤ میں رکھا اور پوری ٹیم کو صرف 110 رنز پر ڈھیر کر دیا، جس کے بعد میزبان ٹیم نے ہدف 16ویں اوور میں ہی حاصل کر لیا۔
بنگلہ دیشی کپتان لٹن داس نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی جو ان کے حق میں ثابت ہوئی۔
پاکستان کی اننگز
پاکستانی بیٹنگ کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا، اور دوسرے ہی اوور میں صائم ایوب 6 رنز بنا کر تسکین احمد کا شکار بنے۔ اس کے بعد وکٹوں کی لائن لگ گئی اور صرف 46 کے مجموعی اسکور پر پاکستان کے 5 کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے۔ محمد حارث (4)، کپتان سلمان علی آغا (3)، حسن نواز (صفر)، اور عمیر بن یوسف (3) رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
فخر زمان اور خوشدل شاہ نے چھٹی وکٹ کے لیے 24 رنز کی شراکت قائم کر کے اسکور کو 70 تک پہنچایا، مگر فخر زمان 44 رنز کی اننگز کھیل کر رن آؤٹ ہوگئے۔
خوشدل شاہ نے 17 رنز بنائے، جبکہ عباس آفریدی (22)، فہیم اشرف (5) اور سلمان مرزا (صفر) بھی نمایاں کارکردگی نہ دکھا سکے۔ پاکستان کی پوری ٹیم آخری اوور کی تیسری گیند پر 110 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
بنگلہ دیش کی جانب سے تسکین احمد نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے 3 جبکہ مستفیض الرحمان نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
بنگلادیش اننگز
111 رنز کے آسان ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش نے بھی آغاز میں کچھ مشکل کا سامنا کیا جب پاکستان کے لیے اپنا پہلا بین الاقوامی میچ کھیلنے والے سلمان مرزا نے اپنے پہلے ہی اوور میں پرویز حسین کو آؤٹ کیا، اور پھر کپتان لٹن داس کو بھی جلد ہی صرف 1 رن پر پویلین بھیج دیا۔
تاہم، پرویز حسین ایمون اور توحید ہریدوئے نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی اور ٹیم کو سنبھالا۔ توحید ہریدوئے 36 رنز بنا کر عباس آفریدی کا شکار بنے۔
پرویز حسین ایمون نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 39 گیندوں پر 3 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے اپنی نصف سنچری مکمل کی اور 56 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔
دوسرے اینڈ سے ذاکر علی نے 10 گیندوں پر 3 چوکوں کی مدد سے 15 رنز بنا کر بنگلہ دیش کو 16ویں اوور کی تیسری گیند پر 112 رنز بنا کر فتح سے ہمکنار کیا۔
پاکستان کی جانب سے سلمان مرزا نے اپنے ڈیبیو میچ میں 2 جبکہ عباس آفریدی نے 1 وکٹ حاصل کی۔ بنگلہ دیش کے پرویز حسین ایمون کو ان کی بہترین کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
اس فتح کے ساتھ بنگلہ دیش نے سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی ہے۔
Comments
0 comment