بنگلادیش کی سپریم کورٹ کا بڑا فیصلہ، کوٹے پر سرکاری ملازمتوں کے حکم پرعمل درآمد روک دیا
Webdesk
|
21 Jul 2024
ڈھاکا: بنگلادیش کی سپریم کورٹ نے سرکاری ملازمتوں میں کوٹے پر بھرتی سے متعلق ہائی کورٹ کے حکم پر عمل درآمد روک دیا۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق بنگلادیش کی سپریم کورٹ میں کوٹا سسٹم بحالی کے خلاف سماعت میں عدالت نے ہائی کورٹ کا فیصلہ غیر قانونی قرار دیتے ہوئے سرکاری ملازمتوں میں کوٹوں پر ہائی کورٹ کے حکم پرعمل درآمد روک دیا۔
خبرایجنسی کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ نے ہائی کورٹ کے فیصلے پر عمل درآمد روکا لیکن کوٹہ سسٹم مکمل ختم نہیں کیا۔
سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق5 فیصد ملازمتیں جنگ آزادی کے سابق فوجیوں کے بچوں کیلیے، 2 فیصد دیگرکیٹیگریزکیلیے مختص رہیں گی جبکہ 93 فیصد سرکاری ملازمتیں کوٹے کے بغیر میرٹ پر ہوں گی۔
یاد رہے گزشتہ ماہ ہائی کورٹ نے سرکاری ملازمتوں میں کوٹہ سسٹم کو بحال کردیا تھا، جس کے بعد بنگلہ دیش بھر میں شدید احتجاج کا سلسلہ شروع ہوگیا تھا۔
شدید احتجاج اور پرتشدد مظاہروں کو روکنے کے لیے لگائے گئے کرفیو میں آج دوپہر تک کی توسیع کردی گئی ہے۔
خبرایجنسی کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ڈھاکا کی سڑکوں پر سکیورٹی اہلکاروں کا گشت جاری ہے، پرتشدد مظاہروں میں 133 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔
Comments
0 comment