ڈھاکا میں اسرائیلی مظالم کیخلاف اور فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلیے عظیم الشان احتجاجی مظاہرہ

ویب ڈیسک
|
13 Apr 2025
ڈھاکا: بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکا میں فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی اور غزہ پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف زبردست مظاہرہ کیا گیا، جس میں لاکھوں افراد نے شرکت کر کے عالمی برادری کو اپنا پیغام دیا۔
ہفتے کے روز ڈھاکا کے تاریخی سہروردی پارک میں منعقدہ عوامی ریلی میں شرکاء نے فلسطینی پرچم اٹھا کر اسرائیلی فوج کی وحشیانہ کارروائیوں کے خلاف زوردار احتجاج کیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسیوں کے مطابق، اس مظاہرے میں ایک لاکھ سے زائد افراد شامل تھے، جنہوں نے غزہ میں فوری جنگ بندی اور فلسطینیوں پر مظالم ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔
دوسری جانب، اسرائیلی فوج نے غزہ کے جنوبی شہر رفح پر مکمل قبضہ کر کے اسے "سیکیورٹی زون" قرار دے دیا، جس کے بعد علاقے کا محاصرہ کر لیا گیا ہے.
اس اقدام سے رفح کو غزہ پٹی سے الگ تھلگ کر دیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں لاکھوں بے گناہ فلسطینیوں کی زندگیاں خطرے میں پڑ گئی ہیں۔
حال ہی میں خان یونس، المواسی کیمپ، شجائیہ اور بیت لاہیا پر اسرائیلی فضائی حملوں میں 20 سے زائد فلسطینی شہید ہو گئے ہیں، جبکہ زخمیوں کی تعداد سینکڑوں میں ہے۔ اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیمیں اسرائیل کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مذمت کر رہی ہیں، لیکن عالمی ردعمل ابھی تک ناکافی ہے۔
بنگلہ دیش سمیت دنیا بھر کے ممالک میں فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی کے مظاہرے جاری ہیں۔ احتجاجیوں کا مطالبہ ہے کہ عالمی برادری اسرائیل پر دباؤ بڑھائے اور غزہ میں انسانی بحران کو فوری طور پر ختم کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات کرے۔
Comments
0 comment